دی نیوز اردو

حکومت حج اخراجات کم کر کے عوام کے لیے مقدس سفر آسان بنائے:حافظ نعیم الرحمن

کراچی (دی نیوز اردو)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی جانب سے رواں سال حج پالیسی میں سبسڈی ختم کرنے اور حج اخراجات میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویداروں نے فریضہ حج مشکل بنادیا ہے،عوام حج کے لیے پائی پائی جمع کرتے ہیں لیکن مہنگائی کی وجہ سے حج کی ادائیگی نا ممکن بن جاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ ایک جانب حکومتی خسارے کو جواز بنا کرحج پالیسی میں سبسڈی ختم کر کے حج اخراجات میں اضافہ کردیا گیا لیکن دوسری جانب دیگر شعبوں کو سبسڈی دی جارہی ہے،اگر حج پر سبسڈی دینا گوارا نہیں تو فرٹیلائز ر، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مالکان کو سرچارج کی مد میں 125ارب روپے معاف کیوں کیے گئے ؟ حج پر سبسڈی دی بھی جاتی تو 9ارب روپے کی رقم بنتی ہے،حکومت کو 9ارب روپے کی ریلیف دینا ممکن نہیں تو ان صنعتی اداروں کے ایک سو پچیس ارب روپے کیسے معاف کردیے گئے ؟۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت سمیت کئی ممالک میں حج کے سفر اور عازمین حج کی سہولیات کے لیے حکومت رقم مختص کرتی ہے لیکن پاکستان کی حکومت یہ کرنے پر تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ حج ایک عبادت ہے اور آئین پاکستان کی رو سے حکومت پابندہے کہ لوگوں کو اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سہولیات فراہم کرے، اگر حکومت نے یہ کام نہیں کرنا تو مذہبی امور کی وزارت کیوں قائم کی گئی ہے اور اس پر اخراجات کیوں اٹھائے جارہے ہیں؟۔انہوں نے کہاکہ ایک حج کے لیے لوگ ساری عمر اخراجات میں سے بچت کرتے رہتے ہیں،بے شمار لوگوں نے اس بار بھی اپنی خواہشات پس پشت ڈال کر حج کے لیے وسائل جمع کیے،اب اچانک انہیں بتایا جارہا ہے کہ نئی حج پالیسی میں سبسڈی ختم کر کے حج اخراجات میں اضافہ کردیا گیا ہے،اگر حکومت کو وسائل کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے تووہ حج اخراجات میں رعایت ختم کرنے کے بجائے اپنے تعیشات پر آنے والے خرچ کم کرے۔انہوں نے کہاکہ حج اخراجات میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں،حکومت فی الفور نئی پالیسی مرتب کرے اور عوام کے لیے حج کا سفر آسان بنائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: