دی نیوز اردو

پارلیمانی رہنماؤں کی ان کیمرہ بریفنگ،اہم فیصلے کیئے گئے

اسلام آباد: (دی نیوز اردو) پارلیمانی رہنماؤں کی ان کیمرہ بریفنگ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کو مؤثر جواب دیا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مزید حرکت کا خدشہ موجود ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی رہنماؤں کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کیمرہ بریفنگ دی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی خطاب کیا۔ پارلیمانی رہنماؤں کو بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ ان کیمرہ بریفنگ میں پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شریک ہوئے۔
آرمی چیف نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے بہت تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ اپنا کردار ادا کررہی ہیں، عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ معاملات طے پا جائیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت کو ایک بار پھر امن کی دعوت دی ہے، توقع ہے کہ بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرکے وزیراعظم کی دعوت کو مثبت لے گا۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ بریفنگ کے دوران چین کے وزیرخارجہ سے فون پر بات ہوئی جن کو نئی صورتحال پر اعتماد میں لیا، ایران اور سعودی وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ نے ولی عہد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا اور ساتھ ساتھ خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی جارحیت سے متعلق سوال پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہر طرح کی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی آج کی کارروائی سے پوری قوم کا حوصلہ بڑھا ہے، پاک فضائیہ نے بڑی شاندار کارروائی کر کے دشمن کے دانت کھٹے کیے اور یہ بات طے ہے کہ افواج پاکستان کی صلاحیت مسلمہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم متحد ہیں، حکومت پاکستان اور اداروں کی بھی غیر مشروط حمایت کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: