علامہ محمداقبال دنیائے عالم کی قدآور اور عظیم شخصیت کا نام ہے۔ عبدالجبار گجر اے ڈی سی جی بہاولنگر

 علامہ اقبال کی شاعری، نثر نگاری، سیاسی بصیرت، ریاست کا فلسفہ، نوجوانوں میں بیداری کا تصور ان کی ایسی منفردخصوصیات ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی۔ عبدالجبار گجر اے ڈی سی جی بہاولنگر کا تقریب سے خطاب

بہاولنگر (طاہر کریم خان سے) علامہ محمداقبال دنیائے عالم کی قدآور اور عظیم شخصیت کا نام ہے، اقبال کی شخصیت کے بے شمار پہلو ہیں، وہ شاعر ہیں، فلسفی ہیں، سیاسی رہبر ، نثر نگار، ماہر قانون الغرض ان کی شخصیت کی بے شمار جہتیں ہیں جنہیں نوجوانوں میں روشناس کرایا جانا بہت ضروری ہے ان خیالات کا اظہار عبدالجبار گجر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بہاولنگر نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول بہاولنگر میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں بچوں نے علامہ محمد اقبال کی شاعری کے حوالہ سے  ٹیبلوز پیش کیے اور اپنی تقاریر سے علامہ اقبال کے افکار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد الجبار گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری، نثر نگاری، سیاسی بصیرت، ریاست کا فلسفہ، نوجوانوں میں بیداری کا تصور ان کی ایسی منفردخصوصیات ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی۔ یہی صفات و امتیازی اوصاف انہیں دیگر افراد سے ممتازکرتا ہے۔اقبال کی شاعری نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے اس سے استفادہ کرکے نوجوان اپنی منزل کا تعین درست انداز میں کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر شفیق احمد پرنسپل ڈی پی ایس، احمد سلیم چشتی اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد، وقاص بن طارق پرنسپل وی ٹی آئی بہاولنگر نے بھی خطاب کیا۔