نئے سال کے موقع پر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پنجاب پولیس کا ساتھ دیں۔ ڈی پی او بہاولنگر

 سال نو کے موقع پر ہمیں مہذب شہری ہونے کاثبوت دیتے ہوئے نئے سال کی خوشیاں منانی ہیں اور ساتھ ساتھ امن و امان کی فضا ء کو بھی برقرار رکھنا ہے۔ ڈی پی او بہاولنگر

بہاولنگر(سیف الرحمن سے) ضلعی پولیس نے نیوائیر نائٹ کاجامع سیکیورٹی پلان جاری کردیا۔ اس موقع پر 600سے زائد پولیس افسران وملازمین فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد ظفر بزدار نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پرمنچلے نوجوان نقص امن کا باعث بنتے ہیں جس سے مالی و جانی نقصان ہوسکتا ہے اس کے تدارک کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔اقلیتی عبادت گاہوں، رہائش گاہوں اور ان کے اردگرد کے علاقوں میں گشت کوموثر کیا جائے گا۔اہم شاہراؤں اور پبلک مقاما ت پر پو لیس موبائل، QRF،اورایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹ بھی بنائے جائیں گے۔ڈی پی او نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ، آتش بازی، ہوائی فائرنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے جیسے عمل سے روکنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈی پی او بہاولنگر نے مزید کہا کہ سال نو کے موقع پر ہمیں مہذب شہری ہونے کاثبوت دیتے ہوئے نئے سال کی خوشیاں منانی ہیں اور ساتھ ساتھ امن و امان کی فضا ء کو بھی برقرار رکھنا ہے۔خوشیاں منانے کا یہ مقصد قطعاً نہیں کہ ہم غیر سماجی اقدامات، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ اور خاص طور پر پبلک مقامات پر آئی خواتین و فیملیز کے ساتھ ناشائستہ رویہ اپنائیں۔ اگر آپ کو کوئی شہری قانو ن شکنی کرتا نظر آئے تو فوراً 15پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ پولیس ان کے خلاف سخت کاروائی کر سکے۔ نئے سال کے موقع پر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پنجاب پولیس کا ساتھ دیں۔