ڈکیتی کی واردات۔ کام سے واپس جاتے ہوئے مزدور مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھ لگ گیا۔

 ڈکیتی کی واردات۔ کام سے واپس جاتے ہوئے مزدور مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھ لگ گیا۔ ڈاکو نقدی و موبائل چھین کر فرار۔ پولیس 1 گھنٹے بعد پہنچی

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) مزدور مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھ لگ گیا۔ نقدی و موبائل چھین کر فرار۔ پولیس 1 گھنٹے بعد پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر بہاولنگر کی حدود میں سرشام ڈکیتی کی واردات میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو مقبول نامی مزدور سے مزدوری کی رقم مبلغ 11250 روپے اور موبائل چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقبول نامی شخص رنگ و روغن کا کام کرتا ہے اور کام سے واپس اپنے گھر چکی موڑ چک بھکاں جا رہا تھا کہ ڈھاباں کے قریب تالیہ روڈ پر مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔ پولیس کو 15 پر کال کی گئی اور تھانہ صدر پولیس ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچی۔ تھانہ صدر بہاولنگر کی حدود میں ڈھاباں کے قریب تالیہ روڈ پر پہلے بھی متعدد واردتیں ہو چکی ہیں بلکہ یہ علاقہ ڈاکوؤں کے لیے تر نوالہ بن چکا ہے۔ پولیس کا گشت کا نظام نا ہونے اور ایمرجنسی کال کے جواب میں موقع پر بروقت نا پہنچنے کی وجہ سے یہ علاقہ اکثر ڈاکوؤں کی زد میں رہتا ہے ۔ ایس ایچ او تھانہ صدر بہاولنگر سے رابطہ کر کے موقف لینے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔ ذرائع سے یہ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ صدر بہاولنگر کے پاس صرف ایک گاڑی قابل استعمال ہے جبکہ دوسری گاڑی خراب ہے۔ تھانہ صدر بہاولنگر جیسے وسیع و عریض علاقے میں ایک گاڑی بدانتظامی کی بدترین مثال ہے۔