پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرز کی جانب سے فیس میں اضافہ کا مطالبہ جائز ہے۔ ایم پی اے رانا عبدالروف

 پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرز کی جانب سے فیس میں اضافہ کا مطالبہ جائز ہے۔ 8 سال سے فیس میں اضافہ نا ہونے سے سکولز مالی بحران کا شکار ہیں۔ تعلیم کے فروغ کے لیے پیف سکولز کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ ایم پی اے رانا عبدالروف

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر کی جانب سے فیس میں اضافہ کا مطالبہ جائز ہے۔ 8 سال سے فیس میں اضافہ نا ہونے سے سکولز مالی بحران کا شکار ہیں۔ پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے سامنے پارٹنر سکولز کا مقدمہ لڑوں گا۔ تعلیم کے فروغ کے لیے پیف سکولز کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ ایم پی اے رانا عبدالروف۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی رانا عبدالروف نے پیف پارٹنرز کی سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ ویڈیو لنک پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساڑھے سات ہزار سے زائد پارٹنر سکولز کے مالکان کی جانب سے فیس میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کا مطالبہ بالکل جائز ہے۔ انکے مطالبہ کی حمایت کرتا ہوں۔ گزشتہ کئی سالوں سے فیس میں اضافہ نا ہونے کی وجہ سے پیف سکولز مالی بحران کا شکار ہیں۔ غریب اور مستحق بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی بلا تعطل فراہمی کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولز کا مقدمہ نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز کے سامنے لڑوں گا۔ تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں اور دور دراز دیہاتوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولز کا بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سابق حکومت کی طرف سے پیف پارٹنرز سکولز کی پیمنٹس روکنے کے خلاف بھی اسمبلی میں اور اسمبلی کے باہر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی تھی۔ اور پیف پارٹنرز کا مقدمہ پارلیمنٹیرینز کے سامنے احسن انداز میں رکھا تھا جس وقت پیف پارٹنرز سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے تھے اور کہیں پر بھی انکی شنوائی نہیں ہو رہی تھی۔ پیف پارٹنرز کی سوشل میڈیا ٹیم کا اہم اجلاس چلڈرن ڈین سکول سسٹم ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ اس اجلاس میں شریک پیف پارٹنرز نے پیف انتظامیہ اور حکومت پنجاب سے پیف سکولز میں زیر تعلیم بچوں کی فیس میں فوری طور پر اضافہ کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے رانا عبدالروف ایم پی اے نے بھی خطاب کیا۔