کرپٹ ڈی ای او لٹریسی کی انکوائری سے بچنے کے لیے پھرتیاں۔ انکوائری کا سامنا کرنے کی بجائے ملازمین کو بلیک میل کرنے کی کوشش۔

کرپٹ ڈی ای او لٹریسی کی انکوائری سے بچنے کے لیے پھرتیاں۔ سٹاک رجسٹر غائب کرنا ڈی ای او لٹریسی کے لیے پھندہ بن گیا۔ انکوائری کا سامنا کرنے کی بجائے ملازمین کو بلیک میل کرنے کی کوشش۔ ایپکا کی جانب سے مذمت۔

بہاولنگر (ایجوکیشن رپورٹر) کرپٹ ڈی ای او لٹریسی کی انکوائری سے بچنے کے لیے  پھرتیاں۔ سٹاک رجسٹر غائب کرنا ڈی ای او لٹریسی کے لیے پھندہ بن گیا۔  انکوائری کا سامنا کرنے کی بجائے ملازمین کو بلیک میل کرنے کی کوشش۔ تھانے سے ناکامی کے بعد محکمانہ انکوائری کا سہارا ڈھونڈ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے لیے سٹاک رجسٹر غائب کرنا گلے کا پھندہ بن گیا۔  جاوید ارشد نامی شہری نے 26 مئی 2022 کو ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کو درخواست گزاری کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے سٹاک رجسٹر غائب کر دیا ہے۔ 

اس درخواست پر سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے 31 مئی کو بذریعہ لیٹر نمبری 2740 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

 اس انکوائری سے بچنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل پانے کے اگلے دن ہی ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے تھانہ سٹی بی ڈویثرن بہاولنگر میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تمام آٹھ ملازمین کے خلاف سٹاک رجسٹر کی چوری کی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی۔

 تھانہ میں ایف آئی آر درج نا ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے 7 جون کو سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کو سٹاک رجسٹر کی چوری کے معاملے کی انکوائری کروانے کے لیے درخواست دے دی۔ جس پر سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا

 جنہوں نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تمام ملازمین کو کل مورخہ 11 جون بروز ہفتہ دن گیارہ بجے پرسنل ہیئرنگ کے لیے بلا لیا ہے۔ یہاں پر یہ امر قابل غور ہے کہ سٹاک رجسٹر غائب کرنے کے الزام میں ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف 31 مئی کو بننے والی کمیٹی نے 14 جون کو ہئیرنگ رکھی ہے۔

 محکمہ تعلیم کے افسران کی یہ پھرتی ظاہر کرتی ہے کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کے خلاف سٹاک رجسٹر غائب کرنے کی انکوائری کرنے سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔  ایپکا ایجوکیشن ونگ کے ضلعی صدر ریاض احمد مہار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک رجسٹر غائب کرنے کی انکوائری سے بچنے کے لیے ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر ہر جائز و ناجائز حربہ استعمال کر رہے ہیں کہ کسی طرح اس انکوائری سے بچ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوا کہ جس معاملے کی انکوائری ہائیر اتھارٹی یا افسران بالا پر مشتمل انکوائری کمیٹی کر رہی ہو وہ انکوائری مکمل ہونے سے پہلے ہی ماتحت افسر کے ذمے وہی معاملہ لگا دیا جائے۔  ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر سٹاک رجسٹر غائب کرنے کے الزام کا سامنا کرنے اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے بجائے اس انکوائری سے بھاگنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ صدر ایپکا ریاض احمد مہار نے کہا کہ کل ایپکا کے تمام گروپس نے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے بعد سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر سے ملاقات میں ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کی جانب سے ملازمین کو ہراساں کرنے کا معاملہ اٹھایا تھا

 اور آج ملازمین کے خلاف اس کیس کی انکوائری لگا دی گئی جس کا الزام پہلے ہی ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ساتھی ملازمین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی کرپشن کا ملبہ ملازمین پر نہیں گرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کو سٹاک رجسٹر غائب کرنے کے الزام میں خود کو بے گناہ ثابت کرنا پڑے یا پھر وہ اس کے لیے محکمانہ کاروائی کا سامنا کریں۔ ملازمین کو قربانی کا بکرا نا بنایا جائے۔