شعبہ اردو و اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس کی شعبہ جاتی لائبریری کا افتتاح کر دیا گیا

 شعبہ اردو و اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس کی شعبہ جاتی لائبریری کا افتتاح۔ معروف علمی شخصیات کی جانب سے مالی معاونت اور کتب کی فراہمی کا وعدہ۔

بہاولنگر ( بیورو رپورٹ ) شعبہ اردو و اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس کی شعبہ جاتی لائبریری کا افتتاح کیا گیا جس میں ڈاکٹر رفاقت علی (ڈائریکٹر کیمپس)، صدر شعبۂ اردو و اقبالیات ڈاکٹر عبیداللہ سکھیرا،  مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران  کے ساتھ ساتھ عمائدینِ شہر  اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسلامیہ یونی ورسٹی بہاول نگر کیمپس کے اولڈ اور نیو کیمپس دونوں میں الگ الگ لائبریریاں   پہلے سے بھی قائم ہیں لیکن شعبہ اردو و اقبالیات کی لائبریری کو یہاں پہلی شعبہ جاتی لائبریری ہونے کا منفرد اعزاز  حاصل ہےاِس لائبریری کے قیام نے ایم۔فل اردو کے طلبا کی رسائی کئی نایاب مقالہ جات اور حوالہ جاتی کُتب  تک نہایت آسان بنا دی ہے۔ اِس لائبریری کے قیام سے جہاں سکالرز کو تحقیق و تدوین میں آسانی ہوگی وہیں اُن کا بہت ساوقت اور پیسہ بھی بچے گا۔

لائبریری کےافتتاح کے موقع پر اہلِ بہاول نگر کی علم پروری اور کتاب دوستی  کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا جناب فضل فرید لالیکا صاحب نے اپنی وسیع لائبریری کا اردو سیکشن شعبہ اردو  و اقبالیات کی لائبریری کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ پروفیسر سردار علی جاوید (ر)  نے ایک لاکھ روپے نقد پیش کیے۔ پروفیسر شفیق احمد صاحب(پرنسل ڈی۔پی۔ایس ) بہاول نگر نے لائبریری کے لیے ضروری کتب کے ایک بڑے حصے کی فراہمی کا خود ذمہ لیا۔ پروفیسر احمد خان صاحب (پرنسپل کامرس کالج ) بہاول نگر نے ایم ۔فل سکالرز کے لیے اپنے کالج اور ذاتی لائبریری سے استفادے کی یقین دہانی کرائی اور کتاب کلچر کو فروغ دینے کے لیے ہمہ وقت اپنی خدمات میسر رکھنے کا وعدہ کیا۔ جناب رانا جاوید صاحب اپنی ذاتی لائبریری سے تین سو سے زائد کتب عطیہ کرنےبنفسِ نفیس تشریف لائے۔ علاوہ ازیں کئی مخیر شخصیات نے دامے درمے قدمے سخنے تعلیم و تعلم کے لیے اپنے تمام وسائل کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا۔ امید واثق ہے کہ ایسے اقدامات سے کتاب کلچر کے فروغ کے ذریعے بہاولنگر کی علمی و ادبی روایت مزید مستحکم ہوگی۔