ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے او پی ڈی ٹکٹ کاؤنٹرز کے ہال میں لگے 4 ٹن کے 2 بڑے فلور سٹینڈنگ اے سی غائب

 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے او پی ڈی ٹکٹ کاؤنٹرز کے ہال میں لگے4 ٹن کے 2 بڑے فلور سٹینڈنگ اے سی غائب۔ شدید گھٹن میں مریضوں کی بری حالت۔ ایم ایس مال بنانے میں مصروف۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے او پی ڈی ٹکٹ کاؤنٹرز کے ہال میں لگے4 ٹن کے 2 بڑے فلور سٹینڈنگ اے سی غائب۔ شدید گھٹن میں مریضوں کی بری حالت۔ ایم ایس مال بنانے میں مصروف۔

 تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کے او پی ڈی ٹکٹ کاؤنٹرز کے ہال میں مریضوں کے لیے لگائے گئے4 ٹن کے دو بڑے فلور سٹینڈنگ ائیر کنڈیشنرز غائب کر دئیے گئے ہیں۔ 

ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال کی او پی ڈی میں مریضوں کا رش ہوتا ہے۔

 بارش کے بعد موسم میں شدید گھٹن ہے جس کی وجہ سے  مریضوں کا برا حال ہوتا ہے اور مریضوں کا کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس لوٹ مار میں مصروف ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے بڑے افسران کی حمایت و سرپرستی حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔

ذرائع سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ائیر کنڈیشنرز 16 جولائی کی رات کے پچھلے پہر اٹھائے گئے تھے۔ کچھ ہفتے قبل ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر نے 55 انچ کا LED ٹی وی ہسپتال سے اتروا کر اپنے گھر میں لگا لیا تھا۔ میڈیا کی نشاندہی پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر یہ ایل ای ڈی واپس لانے پر مجبور ہو گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کے او پی ڈی ٹکٹ کاؤنٹرز سے ایئر کنڈیشنرز غائب ہونے سے متعلق موقف جاننے کے لیے ایم ایس ڈاکٹر یونس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے آن کیمرا موقف دینے سے انکار کر دیا اور  کہا کہ ایئر کنڈیشنرز ڈپٹی کمشنر صاحب نے اپنے کیمپ آفس کے لیے منگوائے ہیں۔ جب ان سے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ائیر کنڈیشنر منگوانے کا تحریری حکم دکھانے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے سخت ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر صاحب سے کنفرم کر لیں۔ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر سے مریضوں کے آرام کے لئے لگائے گئے ائیر کنڈیشنرز کسی دوسری جگہ بھجوانے کی قانونی حیثیت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ضلع کے مالک ہیں انکا حکم ہی قانون ہے۔   ہم ان سے سوال کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔