نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر انسانی لاشوں کی بے حرمتی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی

 وزیر اعلیٰ پنجاب کا دبنگ ایکشن۔ نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر انسانی لاشوں کی بے حرمتی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی۔ لاشوں کی بے حرمتی گھناؤنا غیر اسلامی فعل ہے۔ ایسے واقعات کسی صورت بھی قبول نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور (ویب ڈیسک) ‏نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر انسانی لاشوں کی بے حرمتی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاوارث انسانی لاشوں کو پھنکنے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ غفلت کے ذمہ دار ہسپتال کے 3 ڈاکٹرز، 3 ملازمین اورمتعلقہ تھانوں کے 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا۔ نشترمیڈیکل یونیورسٹی ملتان کےشعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف، ڈاکٹر عبدالوہاب اورڈاکٹر سیرت عباس کوعہدوں سے ہٹادیاگیاہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہو گی۔ کسی بھی صورت میں لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں۔ اس گھناؤنے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔