محکمہ تعلیم کی نااہلی۔ دو کمروں کے مکان میں پرائیویٹ سکول، ڈاکٹر کا کلینک اور لیبارٹری قائم

 محکمہ تعلیم کی نااہلی۔ دو کمروں کے مکان میں پرائیویٹ سکول، ڈاکٹر کا کلینک اور لیبارٹری قائم۔ فیلڈ سٹاف کی منتھلیاں جاری

بہاولنگر (بیورو رپورٹ) محکمہ تعلیم کی نااہلی۔ دو کمروں کے مکان میں پرائیویٹ سکول، ڈاکٹر کا کلینک اور لیبارٹری قائم۔ فیلڈ سٹاف کی منتھلیاں جاری۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل چشتیاں کے علاقے 175 موڑ نزد ڈاھرانوالا تین افراد نے مل کر دو کمروں کے ایک مکان میں پرائیویٹ سکول "دی ویژن سکول سسٹم کے نام سے قائم کر رکھا ہے۔ انہی دو کمروں میں ہائی سکول کی کلاسز لگا رکھی ہیں۔ سائنس کی ترقی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسی بلڈنگ میں "احمد پولی کئیر کلینک" کے نام سے ڈاکٹر کا کلینک بھی بنایا گیا ہے جبکہ کلینک کے ساتھ اسی دو کمروں کے مکان میں لیبارٹری کی سہولت بھی عوام کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے فیلڈ سٹاف کو ریگولر منتھلی ملنے کی وجہ سے انہوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور بچوں کا مستقبل داؤ پر لگانے میں محکمہ تعلیم کے افسران اپنا پورا حصہ ڈال رہے ہیں۔ سکول محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے۔ زیر تعلیم بچوں کا محکمہ تعلیم کے پاس کسی قسم کا ریکارڈ یا ڈیٹا بھی موجود نہیں ہے۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر حافظ محمد عثمان سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

عوامی ، سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر تعلیم پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب ، ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ، کمشنر بہاولپور و ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس غیر رجسٹرڈ سکول کو بند کر کے بچوں کو قریبی سرکاری سکول میں داخل کروایا جائے۔