ڈی پی او بہاولنگر کا ایک اور دبنگ فیصلہ۔ رشوت کا الزام ثابت ہونے پر سب انسپکٹر نوکری سے فارغ

 ڈی پی او بہاولنگر کا ایک اور دبنگ فیصلہ۔ رشوت کا الزام ثابت ہونے پر سب انسپکٹر نوکری سے فارغ۔ سول سوسائٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا اعلان۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ڈی پی او بہاولنگر کا ایک اور دبنگ فیصلہ۔ رشوت کا الزام ثابت ہونے پر سب انسپکٹر نوکری سے فارغ۔ سول سوسائٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عیسیٰ خان نے تھانہ منچن آباد  میں تعینات تفتیشی افسر کی خاتون سے رشوت طلب کرنے کی  آڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر محمد علی کو چارج شیٹ کیا تھا اور  ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور کو انکوائری افسر مقرر کیا تھا۔ ایس پی انوسٹی گیشن کی انکوائری رپورٹ میں سب انسپکٹر محمد علی قصوروار پایا  گیا۔ کرپشن ثابت ہونے پر ڈی پی او نے سب انسپکٹر محمد علی  کو ڈسمس فرام سروس کردیا۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عیسیٰ خان نے کہا ہے کہ محکمہ میں کر پشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ محکمہ میں کالی بھیڑوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔اور محکمہ پولیس کڑے احتساب کا نظام رکھتاہے ۔عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری راجہ کوکب افتخار جنجوعہ نے ڈی پی او بہاولنگر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عیسیٰ خان کی بہاولنگر میں تعیناتی کے بعد کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او بہاولنگر مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں۔ معروف سیاسی و سماجی شخصیت و قانون دان آفتاب احمد خان جوئیہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عوامی امنگوں کے ترجمان بن چکے ہیں۔ بہاولنگر کی سول سوسائٹی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عیسیٰ خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عیسیٰ خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جلد ایک تقریب کا اہتمام کر رہے ہیں۔