چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر اوباش نوجوان نے 18 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک دیا

 چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر اوباش نوجوان نے 18 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔ لڑکی کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

بہاولنگر(بیورو رپورٹ) چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر اوباش نوجوان نے 18 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔ لڑکی کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ ڈھانی ملاپر میں محفل میلاد سے گھر واپس آنے والی  18 سالہ لڑکی سدرہ نامی پر اوباش نوجوان نے تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب گردی سے متاثرہ لڑکی سدرہ کا چہرہ، گردن اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے۔ متاثرہ لڑکی کے والد کے مطابق گاؤں کے نوید نامی آوارہ لڑکے نے اسکی بیٹی سے چھیڑخانی کی کوشش کی تھی اور اسکی بیٹی نے اسے منع کر دیا تھا۔ جس کی رنجش پر ملزم نے تیزاب پھینکا ۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ ڈونگہ بونگہ میں مقدمہ درج کر لیا۔ تیزاب گردی کے اس واقعہ پر  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے نوٹس لینے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تیزاب پھینکنے والے ملزم نوید کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان بہاولنگر پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ ڈونگہ بونگہ منتقل کردیا گیا ہے۔