ضلع بھر میں ڈاکو بے لگام ، عوام غیر محفوظ ۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیوپاری زخمی

 ضلع بھر میں ڈاکو بے لگام ، عوام غیر محفوظ ۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بیوپاری کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس کئی گھنٹے واقعہ سے لاتعلق رہی۔ زخمی شخص کو اسکے ساتھیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دو ہسپتالوں کی سیر کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ضلع بھر میں ڈاکو بے لگام ، عوام غیر محفوظ ۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بیوپاری کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس کئی گھنٹے واقعہ سے لاتعلق رہی۔ زخمی شخص کو اسکے ساتھیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دو ہسپتالوں کی سیر کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعرات علی الصبح 6 بجے شہید چوک کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے جانوروں کی منڈی میں خریدوفروخت کے لیے جانے والے بیوپاریوں کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نا رکنے پر ڈاکوؤں نے گاڑی کا پیچھا کیا اور فائر مار کر گاڑی کے ٹائر برسٹ کر دئیے۔ لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ایک شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ زخمی شخص کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ جب ڈاکو ہماری گاڑی کے پیچھے فائرنگ کر رہے تھے تب ہی ہم نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال شروع کر دی تھی۔ ڈاکو لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے اور زخمی شخص کو اس کے ساتھی اپنی مدد آپ کے تحت قریبی ہسپتال رورل ہیلتھ سنٹر ڈاھرانوالا لے گئے جہاں پر زخم سے بہتا ہوا خون نا رکنے پر ہسپتال میں موجود عملہ نے زخمی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہارون آباد لیجانے کا مشورہ دیا۔ زخمی شخص کے ساتھی اسے لیکر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہارون آباد پہنچے جہاں پر مریض کی حالت کے پیش نظر مریض کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر بھجوا دیا گیا۔ زخمی شخص کو دو ہسپتالوں کی سیر کروانے کے بعد اسکے ساتھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر پہنچے جہاں پر اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔ واردات کے بعد کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود متعلقہ پولیس اسٹیشن کا کوئی اہلکار نا تو ہسپتال میں پہنچا اور نا ہی کوئی قانونی کاروائی شروع ہو سکی۔ اس بابت مؤقف جاننے کے لیے ایس ایچ او تھانہ صدر ہارون آباد سے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

ترجمان ضلع پولیس سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔

پولیس کی جانب سے بروقت کاروائی کا آغاز نا ہونے کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔