قرآن مجید قیامت تک انسانیت کے لیے بہترین گائیڈ لائن ہے۔ دینی مدرسہ کی سالانہ تقریب دستار بندی میں ایم پی اے رانا عبدالروف، ضلعی امیر جمیعت علمائے اسلام ف مولانا معین الدین وٹو کی شرکت۔
بہاولنگر (بیورو رپورٹ) قرآن مجید قیامت تک انسانیت کے لیے بہترین گائیڈ لائن ہے۔ قرآن مجید حفظ کرنا عظیم سعادت ہے۔ دینی مدرسہ میں سالانہ تقریب دستار بندی میں مقررین کا خطاب۔ ایم پی اے رانا عبدالروف، ضلعی امیر جمیعت علمائے اسلام ف مولانا معین الدین وٹو سمیت معروف علماء کرام اور اہل علاقہ کی شرکت۔
تفصیلات کے مطابق مقامی دینی مدرسہ میں تقریب دستار بندی منعقد ہوئی۔ تقریب میں حفظ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی گئی اور حفظ مکمل کرنے والی طالبات کے ورثاء کو چادریں پیش کی گئیں۔ مدرسہ اسلامیہ قادریہ انوریہ اڈہ گجیانی کی سالانہ تقریب دستار بندی میں ایم پی اے رانا عبدالروف، ضلعی امیر جمیعت علمائے اسلام مولانا معین الدین وٹو، سابق پرنسپل گریجویٹ کالج بہاولنگر پروفیسر محمد انور بھٹی، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ بہاولنگر راؤ دلشاد احمد نوید ، نائب صدر پریس کلب بہاولنگر طاہر کریم خان ، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ق راجہ کوکب افتخار جنجوعہ ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت راؤ عمران اختر، صحافی تنظیموں کے عہدیداران اور سینئر صحافیوں سمیت معززین علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروقار تقریب میں سابق اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ عبدالرحمن کے پوتے معروف صحافی سیف الرحمن کے بیٹے، اور معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ محمد رضوان کے بھتیجے محمد حنظلہ سیف کی دستار بندی ہوئی۔
جھنگ و لاہور سمیت ملک بھر سے آئے مقررین نے قرآن مجید حفظ کرنے کے فضائل بیان کئے۔ دستار بندی معروف مذہبی شخصیت ضلعی امیر جمیعت علمائے اسلام مولانا معین الدین وٹو نے کی جبکہ ایم پی اے رانا عبدالروف اور پروفیسر محمد انور بھٹی بھی انکے ہمراہ تھے۔ مولانا معین الدین وٹو نے قرآن مجید حفظ مکمل کرنے والے بچوں کو مبارکباد دی۔ ایم پی اے رانا عبدالروف نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ انتظامیہ اور حفظ مکمل کرنے والے بچوں کے والدین کو خراج تحسین پیش اور مبارکباد دی۔