"حقیقی آزادی"

 "حقیقی آزادی"


تحریر: سیف الرحمن کلوکا

"حقیقی آزادی"


تحریر: سیف الرحمن کلوکا 

آج یوم آزادی کے دن بہت سے لوگوں کو سیاسی وابستگی کی بنیاد پر جشن آزادی کے حوالے سے شکوہ کناں دیکھا، سوشل میڈیا پر ایسی تحریریں دیکھنے کو ملیں جن سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ لکھنے والوں کو جس طرح کی آزادی چاہئیے تھی شاید انکو وہ آزادی نہیں ملی۔ ہو سکتا ہے کہ ان کا شکوہ درست ہو مگر آزادی کے وقت ہجرت کر کے پاکستان آنے والے خاندانوں کو حقیقی آزادی ملی اور انہیں اسکی قدر بھی ہے۔

انگریزوں کی حکومت اور ہندو اکثریت سے آزادی ملنے کے بعد لاکھوں ہجرت کرنے والوں میں میرے دادا مرحوم اور خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔ آزادی سے پہلے کے حالات و واقعات اور ہجرت کے دوران گزرنے والے مصائب اپنے بزرگوں سے اتنی تفصیل سے سن رکھے ہیں کہ سیاسی وابستگی یا حالات کی تنگی نے کبھی بھی آزادی کی قدر و منزلت پر اثر نہیں ڈالا۔ اپنے بچپن سے لیکر آج تک کبھی بھی ، کسی بھی حالت میں پاکستان کی آزادی کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کا اثر محسوس نہیں کیا۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہر زمانے میں کچھ لوگ پاکستان میں رہنے کے باوجود پاکستان سے نالاں رہے ہیں۔

آزادی کی قدر ان خاندانوں سے پوچھیں جن کے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے جانیں قربان کیں۔ جان و مال لٹا کر پاکستان پہنچے۔

الحمدللہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کے وقت قربانیاں دیں اور انہیں قربانیوں کے صدقے اللہ تعالیٰ نے آزادی کی نعمت سے نوازا ہے اور آزادی کی قدر دل و دماغ میں نقش ہے۔ آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارا بچہ بچہ آزادی کے مجاہدین کا احسان مند ہے۔ جن لوگوں کے سیاسی مقاصد پورے نا ہونے کی وجہ سے پاکستان انکا اچھا نہیں لگ رہا وہ ہندوستان میں مقیم مسلمانوں سے آزادی اور غلامی کا فرق سمجھ سکتے ہیں۔

آزادی کی نعمت کی قدر کریں، پاکستان سے غیر مشروط محبت ہی ہمارے خون میں شامل ہے۔ سرکاری سطح پر جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔ پورا ملک جگمگ جگمگ کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی حفاظت فرمائے اور پاکستان کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھے آمین۔