پیف سکول کو ڈی سیل کرنے کا حکم۔ سی ای او ایجوکیشن بہترین منتظم اور علم دوست شخصیت ہیں۔ عمران وٹو

 پیف سکول کو ڈی سیل کرنے کا حکم۔ سی ای او ایجوکیشن بہترین منتظم اور علم دوست شخصیت ہیں۔ عمران وٹو

بہاولنگر ( ایجوکیشن رپورٹر) سی ای او ایجوکیشن میڈم شاہدہ حفیظ ایک بہترین منتظم اور علم دوست شخصیت ہیں۔ مسائل کو احسن انداز میں حل کرنا جانتی ہیں۔ عمران وٹو صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عمران وٹو نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے الحاق شدہ سکول ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرنے پر سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈم شاہدہ حفیظ ایک بہترین منتظم ہیں اور مسائل حل کرنے کی مہارت رکھتی ہیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچن آباد رانا ساجد ایک انتہائی غیر ذمہ دار اور متعصب افسر ہیں جو کہ اپنے عہدے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ساجد کے بھائی کا پرائیویٹ سکول ہے جس کی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے وہ پرائیویٹ سکولز کو بلیک میل کرتے ہیں اور اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ساجد صرف سیاسی پشت پناہی کی بنا پر اس عہدے پر موجود ہیں۔ عمران وٹو نے کہا کہ رانا ساجد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچن آباد کل سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کے حکم پر سٹیزن پورٹل کی شکایت کی انکوائری کرنے منچن آباد میں پاکستان- بھارت سرحد پر واقع گاؤں میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے الحاق شدہ سکول کی انکوائری کے لئے گئے اور بغیر انکوائری کیے اور سکول مالک و پرنسپل کا مؤقف سنے سکول کو سیل کر دیا اور سکول سیل کرتے وقت کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کے حکم پر سکول سیل کر رہا ہوں۔ کل دن دس بجے لاہور میں وزیر صاحب کے آفس میں آپکی پیشی ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچن آباد نے وزیر تعلیم کو بدنام کرنے کی کوشش کی کیونکہ سکول سیل کرنے کی وجہ سینکڑوں بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی اور دور دراز گاؤں میں بچوں کے والدین ساری رات وزیر تعلیم کو بددعائیں دیتے رہے۔ معاملہ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر محترمہ شاہدہ حفیظ صاحبہ کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے آج سکول مالک و پرنسپل کو طلب کیا۔ جب سی ای او ایجوکیشن صاحبہ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچن آباد سے سکول سیل کرنے کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے جواب دیا کہ سکول کے سٹاف کی ویکسینیشن نہیں ہوئی اس لیے سکول سیل کیا ہے۔ جبکہ سکول کے سارے سٹاف کی ویکسینیشن مکمل ہے اور اس کا اندراج سکول کے SIS میں بھی موجود ہے۔ جب سکول پرنسپل کی جانب سے محترمہ شاہدہ حفیظ صاحبہ کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے تو انہوں نے سکول کھولنے کا حکم جاری کر دیا۔

صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر عمران وٹو نے کہا کہ رانا ساجد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا یہ اقدام غیر قانونی اور تعلیم دشمنی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے میڈم شاہدہ حفیظ صاحبہ کی معاملہ فہمی کی داد دیتے ہوئے کہا کہ میڈم شاہدہ حفیظ صاحبہ نے سینکڑوں بچوں کی تعلیم متاثر ہونے سے بچا لی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رانا ساجد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچن آباد کو کسی بھی پرائیویٹ سکول کی انکوائری نا دی جائے۔ صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر عمران وٹو نے کہا کہ رانا ساجد کے اس غیر قانونی اقدام پر ضلع بھر کے پرائیویٹ سکولز میں سخت بے چینی اور تشویش پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولز کو لاوارث نا سمجھا جائے۔ یہ ادارے آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولز میں لانے کے وزیراعظم پاکستان کے مشن کو پورا کرنے میں حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز کے رانا ساجد سے متعلق تحفظات وزیر تعلیم، وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن تک پہنچائے جائیں گے۔