دانش سکول چشتیاں میں 480 کلو واٹ سولر پاور پراجیکٹ کی تنصیب کا افتتاح۔ صوبائی وزیر انرجی محمد اختر ملک نے افتتاح کیا۔
بہاولنگر (سیف الرحمن سے ) صوبائی وزیر انرجی محمد اختر ملک نے نیا پنجاب سولرائزیشن پروگرام کے تحت دانش سکول چشتیاں گرلز اینڈ بوائز کیمپس میں مجموعی طور پر 480 کلو واٹ سولر پاور پراجیکٹ کی تنصیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، چیئر پرسن دانش سکولز اتھارٹی سمیرا احمد، ایم ڈی دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسیلنس اتھارٹی احمر ملک، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد وسیم، ڈی ۔پی۔او محمد ظفر بزدار ، ایم ۔ڈی انرجی عبدالرحمن ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء دانش سکولز کے پرنسپل ، اساتذہ اور سیاسی و سماجی رہنماء موجود تھے۔ صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر محمد اختر ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیا پنجاب سولرائزیشن پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں بنیادی مراکز صحت اور دانش سکولوں میں سولر انرجی فراہم کی جارہی ہے۔ جس سے بجلی کے بل کی مد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ دانش سکول بوائز اینڈ گرلز میں 480 کے ۔ وی سولر پاور پراجیکٹ نصب کیا گیا ہے۔ جس کا تخمینہ لاگت 42 ملین روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ میں سالانہ مجموعی طور پر 11 ملین روپے کی سیونگ ہوگی۔ انہوں نےبتایا کہ صوبہ بھر میں 11000 پرائمری سکولوں میں سولر پاور پراجیکٹ نصب کیے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کے بنیادی مراکز صحت میں نیا پنجاب سولرائزیشن پروگرام کے تحت رواں سال دسمبر میں سولر پاور پراجیکٹ نصب کر دیئے جائیں گے۔بعد ازاں صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر محمد اختر ملک نے نیا پنجاب سولرائزیشن پروگرام کے تحت بہاولنگر ضلع کی تحصیل چشتیاں میں پرائمری سکولوں میں پاور سسٹم کی تنصیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت تحصیل چشتیاں میں 287 سکولوں میں سولر پاور پراجیکٹ نصب کئے گئے ہیں۔