سانحہ 10 محرم کے متاثرین کومالی امداد کے چیک تقسیم۔ صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے چیک دیئے۔
بہاول نگر ( سیف الرحمن سے) صوبائی وزیر زکوۃو عشر میاں شوکت علی لالیکا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جسمیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم, ڈسٹرکٹ پولیس افسر محمد ظفر بزدار ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی. اس موقع پرسانحہ 10 محرم بہاول نگر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی گئی بعد ازاں حکومت پنجاب کی جانب سے اس واقعہ میں متاثر ہونے والے افراد کو مجموعی طور پر 74 لاکھ روپے کے مالی امداد کے چیک صوبائی وزیر زکوۀ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے دئیے. صوبائی وزیر زکوۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں پائیدار امن کے قیام کے لئے ممبران امن کمیٹی اور معاشرہ کے تمام افراد اپنا کلیدی کردار ادا کریں.انہوں نے کہا کہ بہاولنگر ضلع پر امن خطہ ہے اور علاقہ کے لوگ امن پسند ہیں. انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں صبر و تحمل اور برداشت کو فروغ دیا جائے نیز اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کے لئے علماء کرام، اقلیتی برادری اور ممبران امن کمیٹی اپنا کردار ادا کریں .