وکلاء کا بڑا ٹاکرا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پولنگ کے اختتامی لمحات۔ امیدواروں کے حامی جیتنے کے لیے پرامید۔ کاشف خان خاکوانی ایڈووکیٹ کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے
بہاولنگر (سیف الرحمن سے) وکلاء کا بڑا ٹاکرا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پولنگ کے اختتامی لمحات۔ امیدواروں کے حامی جیتنے کے لیے پرامید۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاولنگر کے سالانہ انتخابات میں پولنگ ختم ہونے والی ہے۔ پولنگ کا عمل پر امن رہا اور وکلاء نے حسب روایت اپنے اپنے امیدواران کے حق میں الیکشن مہم سے لیکر ووٹ ڈالنے تک جوش و خروش سے حصہ لیا۔ صدارت کے لیے کاشف خان خاکوانی ایڈووکیٹ کا پلڑا بظاہر بھاری دکھائی دیتا ہے۔ ان کے حامی بہت زیادہ پر اعتماد ہیں۔ جبکہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کے لیے مقابلے کی فضا ہے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے دیگر عہدوں پر بھی مقابلہ جاری ہے۔
پولنگ کے موقع پر وکلاء باہمی اتحاد و اتفاق کی بہترین مثال قائم کر رہے ہیں۔ مخالف امیدواروں کے حامی ہونے کے باوجود باہمی تعلق اور عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں۔ سینئر وکیل راؤ عامر نور ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار کے الیکشن سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموں کے لیے مثال ہیں کہ وکلاء بھرپور انداز میں الیکشن مہم چلاتے ہیں مگر آپس میں عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔ نوجوان وکیل محمد مظہر شریف بھٹی ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے امیدوار کی فتح کے لیے پرامید ہیں لیکن اگر مخالف امیدوار بھی جیتا تو وکلاء کی روایت ہے کہ الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں اور جیتنے والے کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔
سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری غلام مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار کے الیکشن ایک صحت مند اور مثبت ایکٹویٹی ہے۔ ہر سال بلا تعطل بار کے انتخابات ہی وکلاء کی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے امیدواروں کی فتح کے لیے پرامید ہوں۔