بہاولنگر میں دیوارِ احساس دوبارہ قائم کردی گئی ہے۔

 ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بہاولنگر میں دیوارِ احساس دوبارہ قائم کردی گئی ہے۔ ایسی ہی ایک دیوار فوٹو سیشن کے لیے پہلے بھی بنائی گئی تھی۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بہاولنگر میں دیوارِ احساس دوبارہ قائم کردی گئی ہے۔ ایسی ہی ایک دیوار فوٹو سیشن کے لیے پہلے بھی بنائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بہاولنگر میں دیوارِ احساس قائم کردی گئی ہے۔ دیوارِ احساس پر غریب اور ضرورت مند افراد کے پہننے کے لیے کپڑوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ 

اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر اسسٹنٹ کمشنر عثمان منیر بخاری اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل نے غریب اور ضرورت مند افراد میں گرم کپڑے تقسیم کئے. اس موقع سماجی کارکنان موجود تھے. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دیوارِ احساس کا قیام حکومت کا شاندار اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیکی کے اس کام میں حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ ثروت افراد حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات دیوارِ احساس پر مستحق افراد کے لیے استعمال کے لیے اشیاء چھوڑ جائیں۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل بھی ایسی ہی ایک دیوار  قائم کی گئی تھی۔ ضلعی افسران نے ڈی پی او آفس کے سامنے ستلج پارک کے جنگلے کے ساتھ ایک فلیکس بینر لٹکا کر پلانٹڈ ضرورت مندوں کے ساتھ فوٹو سیشن کیا تھا۔ اور اس فوٹو سیشن کے اختتام کے ساتھ ہی دیوار بھی ختم ہو گئی تھی۔ میڈیا کی نشاندہی کے بعد وہ فلیکس بینر بھی انتظامیہ نے اتروا دیا تھا۔

اب دوبارہ ضلعی انتظامیہ نے دیوار احساس قائم کی ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دیوار احساس فوٹو سیشن کے بعد بھی موجود رہے گی۔