بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر سے) آر پی او کی زیر صدارت ضلعی سربراہان کے ساتھ سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے حوالے سے میٹنگ کا انعقادکیا گیا۔ تفصیل کیمطابق آر پی او نے تمام ضلعی سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کو بروقت یکسو کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف دیاجائے۔سربراہان تمام شکایات کی بروقت یکسوئی کو یقینی بنائیں۔اس سلسلہ میں ڈی پی اوز ضلعی لیول اور تحصیلوں میں ایس ڈی پی اوز نگرانی کریں۔اجلاس میں ڈی پی او بہاولپور محمد فیصل کامران نے آر پی او آفس جبکہ ڈی پی او بہاولنگر محمد ظفر بزدار اور ڈی پی اورحیم یار خان محمد علی ضیاء نے بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شرکت کی۔
ٓٓآر پی او شیر اکبر نے ٹریفک حادثات کی روک تھام، قوانین کی پابندی کے حوالے سے ڈی پی او بہاولپور محمد فیصل کامران اور ایس ڈی پی اوز ضلع ہذا سے اجلاس کیا۔پرائمری سے لے کر اعلی تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے لیکچر دیئے جائیں۔کم عمر بچوں کی گاڑی چلانے پر سختی سے پابندی اور بچوں کے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے پر والدین کوبلوائیں۔موٹرسائیکل سوار کے ہیلمٹ کے استعمال پر سختی سے پابندی کروائیں۔ان خیالات کا اظہار آر پی او شیر اکبر نے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے ایک اجلاس میں کیا۔آر پی او نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں جن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔ ٹریفک و روڈ سیفٹی قوانین شاہراہوں پر سفر کو آسان اور دورانِ سفرعوام الناس کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بنائے گئے ہیں ان کی پابندی تمام شہریوں پر لازم ہے،شہری مقررہ حد رفتار سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے سے پرہیز کریں۔ اس میٹنگ کا واحد مقصد ہائی ویز پر انسانی جان کے ضیاع کو روکنا ہے۔حادثات کی صورت میں ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے لائسنس بھی فوراًمنسوخ کیے جائیں۔