بے ہنگم ٹریفک کنٹرول سے باہر، بہاولی چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک جام معمول بن گیا۔

 بے ہنگم ٹریفک کنٹرول سے باہر، بہاولی چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک جام معمول بن گیا۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) بے ہنگم ٹریفک کنٹرول سے باہر، بہاولی چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک جام معمول بن گیا۔ تعلیمی اداروں میں چھٹی کے وقت نفسا نفسی کا عالم ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بڑھتی ابادی کے ساتھ ساتھ سڑک پر تجاوزات کی بھرمار شہر میں ٹریفک جام کا باعث بن رہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں چھٹی کے وقت بہاولی چوک، گرلز کالج کے سامنے، گرلز سٹی ہائی سکول، منچن آباد چوک اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کے سامنے دیر تک ٹریفک جام رہتی ہے۔ سکول و کالج کی طالبات اور والدین روزانہ سخت اذیت سے گزرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس اور شہر کی انتظامیہ کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کی وجہ سے بے ہنگم ٹریفک ایک وبال کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ہیوی ٹریفک کا دن کے وقت شہر میں داخلہ بند ہے مگر بڑے ٹرالر اور اینٹوں سے بھری ٹرالیاں ٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے شہر میں داخل ہو کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیتی ہیں۔ عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ بڑے ٹرالرز کو ٹریفک پولیس کے اہلکار بہاولی چوک میں روک لیتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔