کچے کے ڈاکوؤں کی پکے کے ڈاکوؤں کی حدود میں کاروائیاں جاری، ہنی ٹریپ کے شکار مغوی نوجوان کے ورثاء سے دو کروڑ تاوان طلب کر لیا گیا۔ مغوی پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔
بہاولنگر (بیورو رپورٹ) ہنی ٹریپ کا ایک شکار سامنے آ گیا، کچے کے ڈاکوؤں کی پکے کے ڈاکوؤں کی حدود میں کاروائیاں جاری، ہارون آباد کے اغواء شدہ نوجوان کے ورثاء سے اغواء کاروں نے دو کروڑ تاوان طلب کر لیا۔ مغوی پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں نے پکے کے ڈاکوؤں کے علاقوں میں اغواء برائے تاوان کی وارداتیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ اڑھائی ماہ قبل لاپتہ ہونے والا ہارون آباد کا رہائشی نوجوان ہنی ٹریپ کا شکار ہو کر کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ اغواء کاروں نے مغوی نوجوان کو برہنہ کرکے تشدد کی ویڈیو ورثاء کو بھیجی ہے اور مغوی کو رہا کرنے کے لیے دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ لاپتہ نوجوان احسان اللہ کی کمشدگی/ اغواء کی ایف آئی آر بھی اڑھائی ماہ قبل درج کروائی گئی تھی۔ مغوی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے باوجود تاحال مغوی کو بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔ مغوی کے ورثاء نے وزیراعلی پنجاب سے مغوی کی بازیابی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔