دی نیوز اردو کی خبر پر ایکشن۔ سرکاری اراضی سے کپاس کی چنائی کرنے والے قبضہ گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج۔
بہاولنگر ( سیف الرحمن سے) دی نیوز اردو کی خبر پر ایکشن۔ سرکاری اراضی سے کپاس کی چنائی کرنے والے قبضہ گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج۔ تفصیلات کے مطابق 18 ستمبر 2021 کو اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر نے نواحی علاقے موضع کوٹ شیر محمد میں واقع 5 ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی تھی اور نمبردار کو سپرد دار مقرر کر دیا تھا۔ مگر قبضہ گروپ نے سپرد داری کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5 ایکڑ پر کھڑی کپاس کی چنائی کر لی۔ سپرد دار کی تحریری درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر نے گرداور علاقہ کو موقع پر بھیجا۔ گرداور نے کپاس چنائی کی تصدیق کی اور قانونی کاروائی کی سفارش کی۔ جس پر مبینہ طور پر قابض گروپ نے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کے عملے سے ساز باز کر کے کاروائی نا ہونے دی۔
دی نیوز اردو نے اس سارے واقعے اور قانونی کاروائی نا ہونے پر سٹوری پبلش کی۔ اس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر آفس کے اہلکاروں کو بادل ناخواستہ تھانہ صدر میں ایف آئی آر درج کروانی پڑی۔ 5 ایکڑ کپاس کی چنائی دو مرتبہ مکمل کر لی گئی ہے اور انتظامیہ کاغذی کاروائی کی آڑ میں قبضہ مافیا کو رقم خرد برد کرنے کا موقع فراہم کرتی رہی۔ واضح رہے کہ یہ 5 ایکڑ سرکاری اراضی گزشتہ 30 سالوں سے قبضہ مافیا کے قبضہ میں ہے۔ محکمہ مال کے افسران کو چاہئے تو یہ تھا کہ قبضہ مافیا سے گزشتہ 30 سال کا حساب مانگتے اور رقم ریکور کرتے مگر انتظامیہ روایتی طور پر قبضہ مافیا کو بچانے میں مصروف رہی۔ عوامی سماجی و سیاسی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا نوٹس لیں اور قبضہ مافیا سے تاوان کی رقم وصول کی جائے۔