حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرکے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں میاں شوکت علی لالیکا

 حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد سے ظلم اور جہالت کے بادل چھٹ گئے. ہم  آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرکے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ میاں شوکت علی لالیکا


بہاول نگر(طاہر کریم خان سے) صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے ہیں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد سے ظلم اور جہالت کے بادل چھٹ گئے. ہم آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرکے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات اور اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھےاس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ڈی پی او محمد ظفر بزدار، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، امن کمیٹی و انجمن تاجران کے نمائندگان اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے. صوبائی وزیر نے کہا حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے آپ سے محبت ایمان کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ علماء کرام بھائی چارہ، اتحاد، یگانگت، محبت، رواداری کا درس دیں تاکہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد حاصل نہ کر سکیں. صوبائی وزیر نے کہا کے ہادی برحق آقائے دوجہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے امن اور مساوات کا درس دیا انہوں نے کہا کہ دنیا اور آخرت میں کامیابی کا پہلا زینہ اتباع رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں پوشیدہ ہے. انہوں نے ربیع الاول کے جلوس انتظامات کا جائزہ لیتے ہوے کہا کہ جلوس روٹس کی دیکھ بھال اور سیکورٹی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے. 

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ ضلع بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ضلع بھر کے اسکول، کالجز اور دیگر ادارہ جات میں مقابلہ حسن قرات، نعت خوانی اور تقریری مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں اور تمام سرکاری دفاتر کی عمارتوں پر چراغاں کیا جارہا ہے. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علمائے کرام اخوت، بھائی چارہ اور امن و اتحاد کا درس دیں تاکہ خطے میں امن برقرار رہے. انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ بیان کی جائے تاکہ نوجوان نسل اپنی زندگی کو اسوہ حسنہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مطابق ڈھال سکیں. ڈی پی او محمد ظفر بزدار نے کہا 12 ربیع الاول کے جلوس کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے. اجلاس میں ممبران امن کمیٹی انجمن تاجران کے نمائندگان نے اپنے اپنے خطاب میں عشرہ شان رحمت اللعالمین تقریبات کے انتظامات اور حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا. انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے جلوس اور محافل میں مذہبی عقیدت و احترام سے شرکت کی جائے گی. قبل ازیں سکول ایجوکیشن کی آفیسر نے سکولوں میں شان رحمت العالمین تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا.