واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی 5 ایکڑ سے کپاس کی چنائی مکمل۔ رقم خرد برد، انتظامیہ کاروائی سے گریزاں

 واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی 5 ایکڑ سے کپاس کی چنائی مکمل۔ رقم خرد برد، انتظامیہ کاروائی سےگریزاں

بہاولنگر ( سیف الرحمن سے) واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی 5 ایکڑ سے کپاس کی چنائی مکمل۔ رقم خرد برد، انتظامیہ کاروائی سے گریزاں۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے نواحی علاقے موضع کوٹ شیر محمد میں اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر نے 5 ایکڑ سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی اور نمبرار کی سپرد داری میں دے دی۔ مگر ناجائز قابضین نے کپاس کی چنائی کر لی۔ بروقت اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کو اطلاع دی گئی۔ گرداور نے موقع پر پہنچ کر کپاس کی چنائی رکوانے کی بجائے اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کو تحریری رپورٹ جمع کروادی۔ میڈیا کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر نے تھانہ صدر بہاولنگر کو کاروائی کے لیے لکھا مگر مبینہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر آفس کے اہلکاروں نے نامکمل تحریر کاروائی کے لیے تھانے بھیجی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر نے بتایا کہ درخواست میں گواہان کے نام نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ گواہان کے نام اسسٹنٹ کمشنر آفس کی طرف سے آنے پر ایف ایس آر درج کر دیں گے۔ دی نیوز اردو کی ٹیم نے ناجائز قابضین سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ کپاس کی چنائی انہوں نے کی ہے اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کے ریڈر جام مظہر کے مشورے سے کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے ریڈر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہمارے خلاف کاروائی نہیں ہونے دے گا اس لیے ہم بے فکر ہیں کہ پولیس ہمارے خلاف کاروائی نہیں کرے گی۔ عوامی سیاسی و سماجی حلقوں نے سرکاری اراضی سے چنائی کی گئی لاکھوں روپے مالیت کی کپاس برآمد کر کے ناجائز قابضین کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔