دل کے پٹھوں کی صحت جانچنے کا آسان اور سادہ ٹیسٹ !
پیٹ بھر کر کھانے کے بعد بغیر تکئے کے کتنی دیر تک کسی علامت کے بغیر سیدھا لیٹنا اور سونا ممکن ھے ؟؟؟
اگر دل کا پٹھہ کمزور ھو جائے اور پھیپھڑوں میں پانی آنے لگے تو سیدھا لیٹنامحال ھو جاتا ھے ، کچھ لوگوں میں سیدھا لیٹنے کے فورآ بعد تو کچھ نہیں ھوتا لیکن رات کے پچھلے پہر سانس خراب ھونا شروع ھوجاتا ھے، کھانسی شروع ھوجاتی ھے اور وہ گھبراہٹ کے ساتھ اٹھ کے بیٹھ جاتے ھیں ۔
اکثر لوگ یہ سوال کرتے ھیں کہ کتنی دیر ؟ تو ھم تو یہی کہیں گے کہ اس کی کوئی حد نہیں ، اگر بغیر تکئے کے سیدھا لیٹنے کے بعد ، کتنی ھی دیر بعد سانس خراب ھونے لگے ، کھانسی آنا شروع ھوجائے ، گھبراہٹ شروع ھوجائے تو اسے کبھی نظر انداز مت کریں ۔
بعض لوگوں میں دل کے پٹھے موٹے ھو جاتے ھیں ، پھیل کر ڈھیلے ھوجاتے ھیں ، سخت ھو جاتے ھیں یا کوئی جھلی دل کو اپنی گرفت میں لے لیتی ھے ۔
کچھ لوگوں میں اگر دل کی بہت اھم نالی تنگ ھونے لگے تو بھی ایسی کیفیت پیدا ھو سکتی ھے ۔
کچھ مریضوں میں پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں کی بیماری اور تنگی ، ناک کان گلے کی تکلیف ، خوراک کی نالی اور معدے میں تناؤ اور تیزابیت ، خون کی شدید کمی یا بہت زیادہ موٹاپا بھی یہ علامات پیدا کر سکتا ھے۔
بعض افراد شدید ذہنی دباؤ یا مایوسی میں ان علامات کی شکایت کرتے ھیں ۔
آپ کی ذمہ داری ھے ان علامات کی موجودگی میں تشخیص و علاج کے لئے فوری رجوع کریں تاکہ ڈاکٹرز آپ کی بیماری کی وجہ جان کر آپ کا علاج کر سکیں ۔
آپ نے دیکھا ، کھانے کے بعد بغیر تکئے کے کوئ علامت محسوس کیئے بغیر سیدھا لیٹنا اور سونا ، آپ کے جسم کے کتنے اعضاء کی صحت جانچنے کا
آسان سا ٹیسٹ ھے ۔
تحریر
ڈاکٹر سید جاوید سبزواری۔