ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر احاطہ عدالت سے گرفتار۔ کنزیومر کورٹ نے تین ماہ قید کی سزا سنادی

 ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر احاطہ عدالت سے گرفتار۔ کنزیومر کورٹ نے تین ماہ قید کی سزا سنادی

لاہور (ویب ڈیسک)  کنزیومر کورٹ منڈی بہاوالدین کے جج راؤ عبدالجبار نے ڈی سی منڈی بہاوالدین طارق علی بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کو تین تین ماہ کی سزا سنا دی۔دونوں افسران احاطہ عدالت سے گرفتار۔ پولیس نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا۔

کنزیومر کورٹ منڈی بہاوالدین کے جج راؤ عبدالجبار کی عدالت میں ایک شہری محمد عاصم حسین نے درخواست دائر کی کہ واپڈا کالونی سرکاری کوارٹر کی الاٹمنٹ جو میرے نام تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک  گورنمنٹ سکول کے استاد حسن علی کو الاٹ کر دی جبکہ مجھ سے زبردستی سرکاری مکان خالی کروا لیا گیا جو کہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

عدالت کی جانب سے متعدد بار ڈی سی اور اے سی کو نوٹس بھیجوائے گئے مگر عدالت کے حکم کی تعمیل کرنے کی بجائےکلرک رانا محبوب کو عدالت بھیجوا دیا جس نے عدالت کے اختیارات کو چیلنج کیا اور جج صاحب کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔ جس پر جج صاحب نے کلرک مذکور کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے حکم پر ڈی سی منڈی بہاؤالدین طارق بسرا نے جج راؤ عبدالجبار سے ٹیلی فون پر دھمکی آمیز لہجے میں گفتگو  جس پر عدالت نے عدالت نے دونوں افسران کو عدالت میں بلا لیا اور ہتک آمیز رویہ پر تین تین ماہ کی سزا سنا کر جیل بھیجوانے کا حکم جاری کر دیا۔ پولیس نے افسران کو احاطہ عدالت سےگرفتار کر کے جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا۔