المناک ٹریفک حادثہ، 2 کمسن طالبات اور 1 نوجوان کو ٹرالر نے کچل دیا۔ شرپسند عناصر کا سکول پر حملہ اور توڑ پھوڑ۔
بہاولپور ( ویب ڈیسک) المناک ٹریفک حادثہ، 2 کمسن طالبات اور 1 نوجوان کو ٹرالر نے کچل دیا۔ شرپسند عناصر کا سکول پر حملہ اور توڑ پھوڑ۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے نواحی علاقے مسافر خانہ کے مقام پر ہائی وے پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں چھٹی کے بعد سکول سے واپس جانے والی دو کمسن طالبات اور ایک نوجوان ٹرالر کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گئے۔ تیز رفتار ٹرالر نے سڑک کراس کرنے والی بچیوں کو کچل دیا۔ یہ واقعہ پرائیویٹ سکول سے تقریبا 2 فرلانگ دور پیش آیا مگر کچھ شرپسند عناصر نے حادثے کی آڑ میں سکول پر حملہ کر دیا۔ سکول میں توڑ پھوڑ کی اور سٹاف و بچوں کو ہراساں کیا۔
جبکہ بہاولپور پولیس نے سکول پرنسپل کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پنجاب بھر کی پرائیویٹ سکولز کی تنظیموں نے پولیس کے اس غیر منطقی اقدام پر سخت غم و غصّے کا اظہار کیا ہے اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سکول پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر خارج کی جائے اور سکول پر حملہ کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشتگری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔