آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون اور قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

 آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون اور قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، ننھے شہیدوں کے خون سے امن کا سورج چمکے گا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور 16دسمبرکے شہداء کی یاد میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں اور بلدیہ ہال میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔دعائیہ تقریبات میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا.

اس مو قع پرڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون اور قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ننھے شہیدوں کے خون سے امن کا سورج چمکے گا آج کے دن ہم عہد کریں کہ اپنی تعلیم پر پوری توجہ دیں گے تاکہ دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے سے علم کی پھیلتی روشنی کو روک نہیں سکتے اور نہ ہی ہمارے پُر عزم طلبہ و طالبات ان سے ڈرتے ہیں۔تمام تعلیمی اداروں میں ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ڈسٹر کٹ پو لیس أفیسر محمد ظفر بزدار کے ہمراہ رفیق شاہ چوک بہاول نگر گئے. اس موقع سول سوسائٹی کے نمائندگان، مختلف محکموں کے افسران و عملہ اور ایپکا کے نمائندگان موجود تھے جہاں شہداء کی تصویروں کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں اور پھول رکھے گئے