دل کا وارڈ موت بانٹنے لگا۔ اکلوتی ای سی جی مشین خراب

ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر کے امراض دل کے وارڈ میں ای سی جی کی واحد مشین خراب۔ شعبہ امراض دل میں گزشتہ رات دو گھنٹوں میں دو مریض جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر، نرسز بے بس، مریض لاوارث۔
بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر کے امراض دل کے وارڈ میں ای سی جی کی اکلوتی مشین خراب۔ شعبہ امراض دل میں گزشتہ رات دو گھنٹوں میں دو مریض جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر، نرسز بے بس، مریض لاوارث۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں دل کے وارڈ میں ای سی جی کی واحد مشین خراب ہے۔ ڈاکٹر دل کے مریضوں کا اندازے سے علاج کرنے میں مصروف ہیں۔ سہولیات کی ایسی ناقص فراہمی کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہسپتال پہنچنے والے مریض سیدھے اوپر جا رہے ہیں۔ گزشتہ رات دو گھنٹوں کے دوران دو مریض جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر ای سی جی کے بغیر ہی تشخیص اور علاج معالجہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دل کے وارڈ میں بنیادی ضرورت ای سی جی مشین کا نا ہونا سخت ترین انتظامی نااہلی ہے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر کرپشن مافیا کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے مگر ہسپتال کی حالت زار میں بہتری نہیں آ سکی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ہسپتال انتظامیہ ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بجائے غیر ضروری اشیاء کی خریداری پر بجٹ ضائع کرنے میں مصروف ہے۔