ٹریفک پولیس کی جانب سے بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ روڈ سیفٹی پروگرام کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا

 ٹریفک پولیس کی جانب سے بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ روڈ سیفٹی پروگرام کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا

بہاولنگر(سیف الرحمن سے) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خاں کے احکامات پر عمل در آمدکرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کا ڈی ایس پی ٹریفک محمد اسحاق سیال اورٹریفک عملہ کے ہمراہ ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو کم کرنے اورعوام الناس میں ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی کے لیے واک کا انعقاد۔

تفصیلات کے مطابق عوام الناس میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے ڈی پی او محمد ظفر بزدار کی سربراہی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے روڈسیفٹی پروگرام کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا ء، سول سوسائٹی، ریسکیو 1122 اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی پی او نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے بہترین شہری ہونے کا ثبوت دیں ٹریفک قوانین کی پابندی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوتی ہے بلکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے آج کے جدید دور میں ٹریفک قوانین کے بارے میں ہر شہری کو آگاہ ہوناضروری ہے۔اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں پہلے ہی سیمینارزکا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریفک قوانین کو جانتے ہوئے ہم اپنے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ رکھتے ہیں۔موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔ڈی پی اونے کہا کہ بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے والدین کو بھی چاہیے کہ وہ کم عمر بچوں کوڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ڈی پی او نے ڈی ایس پی ٹریفک کے ہمراہ سموگ کے نقصانات سے آگاہی اور بچاؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی صورت میں منہ اور آنکھوں کو ڈھانپیں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں،فصلوں کی کٹائی کے بعد اسکی باقیات کو مت جلائیں ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کر تے ہوئے اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس سلسلہ میں ہر فرد کو اپنے حصہ کی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔دھند کی صو رت میں حادثات سے بچنے کے لیے فوگ لائٹ کا استعمال کریں اور رفتار کم رکھیں۔شدید دھند کی صورت میں اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔آخر میں ڈی پی او نے کہاکہ ٹریفک عملہ سکول اورکالجز کے اوقات کار میں فیلڈ میں رہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔