ٹریفک قوانین سے آگاہی کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز کالج میں سیمینار کا انعقاد

 ٹریفک قوانین سے آگاہی کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز کالج میں سیمینار کا انعقاد۔ ڈی پی او بہا ولنگر محمد ظفر بزدار کا سیمینار میں خطاب۔

بہاولنگر( سیف الرحمن سے) ٹریفک قوانین سے آگاہی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہا ولنگر محمد ظفر بزدار کا گورنمنٹ گرلز کالج میں منعقدہ سیمینار میں طالبات سے خطاب۔

تفصیلات کے مطابق بہاولنگر پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی آگاہی کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز کالج بہاولنگر میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد ظفر بزداراور ڈی ایس پی ٹریفک بہاولنگر محمد اسحاق سیال نے شرکت کی اور لیکچر زدیئے۔اس موقع پر ڈی پی او نے طالبات کو بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا۔ڈی پی او کا کہنا تھاکہ آج کے جدید دور میں ٹریفک قوانین کے بارے میں ہر شہری کو آگاہ ہوناضروری ہے۔اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں پہلے سے ہی سیمینارزکا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریفک قوانین کو جانتے ہوئے ہم اپنے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ رکھتے ہیں۔موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔ بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے والدین کو بھی چاہیے کہ وہ کم عمر بچوں کوڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ڈی پی او نے ڈی ایس پی ٹریفک کے ہمراہ سموگ و فو گ کے نقصانات سے آگاہی اور بچاؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی صورت میں منہ اور آنکھوں کو ڈھانپیں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں،فصلوں کی کٹائی کے بعد اسکی باقیات کو مت جلائیں ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کر تے ہوئے اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس سلسلہ میں ہر فرد کو اپنے حصہ کی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔دھند کی صو رت میں حادثات سے بچنے کے لیے فوگ لائٹ کا استعمال کریں اور رفتار کم رکھیں۔شدید دھند کی صورت میں اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔آخر میں ڈی پی او نے کہاکہ ٹریفک عملہ سکول اورکالجز کے اوقات کار میں فیلڈ میں رہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔