کلوکا برادری کے اجلاس میں بلدیاتی الیکشن میں متفقہ امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ۔

 پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی گہما گہمی شروع۔ کوٹ شیر محمد میں کلوکا برادری کی میٹنگ۔ متفقہ امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی گہما گہمی شروع۔ کوٹ شیر محمد میں کلوکا برادری کی میٹنگ۔ متفقہ امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ۔ 

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے اعلان کے بعد پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ مختلف سطح پر برادریوں اور پارٹیوں نے امیدواروں کا انتخاب شروع کر دیا ہے۔ بستی کلوکی، کوٹ شیر محمد کی کلوکا برادری کا اہم اجلاس میاں عامر سہیل کلوکا کے ڈیرے پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت آل پاکستان کلوکا برادری کے صدر اور پاکستان تحریک انصاف کے راہنما میاں شعیب احمد کلوکا نے کی۔ اجلاس میں معروف مذہبی سکالر مفتی طاہر تنویر کلوکا نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ موضع کوٹ شیر محمد و گردونواح کی کلوکا برادری کے افراد اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کی نقابت کے فرائض ملک کے معروف نقیب میاں وکیل احمد نقشبندی نے سرانجام دئیے۔ اجلاس میں برادری کے بزرگوں نے متفقہ طور پر آئندہ الیکشن کے لیے میاں عامر سہیل کلوکا کو امیدوار نامزد کیا۔ آل پاکستان کلوکا برادری کے صدر میاں شعیب احمد کلوکا نے عامر سہیل کلوکا کو پھولوں کی
مالا پہنا کر مبارکباد دی۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے عامر سہیل کلوکا نے کہا کہ میں اپنے بزرگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب علاقہ کی دوسری برادریوں سے رابطہ کر کے ان کا تعاون حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ مہم شروع کی جائے گی۔