ٹیوٹا کرپشن مافیا کے خلاف سول سوسائٹی متحرک۔ کرپشن فری معاشرے کے لیے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ۔

 ٹیوٹا کرپشن مافیا سے تنگ سول سوسائٹی کا کرپشن فری معاشرے کے لیے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ۔ نمائندہ تنظیموں سے رابطے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

بہاولنگر (ویب ڈیسک) ٹیوٹا کرپشن مافیا سے تنگ سول سوسائٹی کا کرپشن فری معاشرے کے لیے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ۔ نمائندہ تنظیموں سے رابطے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں مختلف اداروں اور محکموں میں بڑھتی ہوئی کرپشن کو روکنے اور کرپشن فری معاشرے کے قیام کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے نمایاں افراد کی ایک میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ میں وکلاء، تاجر، صحافی، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سمیت مختلف یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سول سوسائٹی کی نمائندہ تنظیموں، بار ایسوسی ایشنز، انجمن تاجران اور بااثر سیاسی و سماجی شخصیات سے رابطہ کرنے اور کرپشن فری معاشرہ کے قیام کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

یہ کمیٹی ہر طرح کی مذہبی ، سیاسی و لسانی تقسیم سے بالا تر ہو کر کرپشن فری معاشرے کے قیام کے لیے کام کرے گی۔

کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ٹیسٹ کیس کے طور پر ٹیوٹا بہاولنگر میں تعینات کرپشن مافیا کی کرپشن روکنے کے لیے سول سوسائٹی کو متحرک کرنے کے لیے اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی کی نمائندہ تنظیموں سے ملاقاتیں کی جائیں گی، میڈیا کے ذریعے ٹیوٹا بہاولنگر میں تعینات کرپشن مافیا کی کرپشن کو سامنے لایا جائے گا اور اگلے مرحلے میں ٹیوٹا بہاولنگر کے باہر کرپشن کے خاتمے کے لیے کیمپ لگایا جائے گا اور احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔