ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر نائب قاصد کو ڈرائیور تعینات کر کے سرکاری جیپ کو موت بانٹنے کے لیے سڑکوں پر چھوڑ دیا گیا

 سی ای او ایجوکیشن کرپشن مافیا کے لیے خوف کی علامت بن گئے۔لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور مالی بدعنوانی کے انکشاف پر انکوائری کمیٹی بنا دی ۔

بہاولنگر ( ایجوکیشن رپورٹر) سی ای او ایجوکیشن کرپشن مافیا کے لیے خوف کی علامت بن گئے۔لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور مالی بدعنوانی کے انکشاف پر انکوائری کمیٹی بنا دی۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے نائب قاصد کو ڈرائیور تعینات کر کے سرکاری جیپ کو موت بانٹنے کے لیے سڑکوں پر چھوڑ دیا گیا ۔ گاڑی کی مرمت کی مد میں خزانے کو لاکھوں کا ٹیکہ۔

 تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے قومی خزانے کو لوٹ مار کا مال سمجھ کر اڑانا شروع کر دیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر ملک اسلم نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کو دھوکا دیکر بغیر ڈرائیونگ لائسنس دفتر کے نائب قاصد طارق نامی کو ڈرائیور ظاہر کر کے جیپ  ایشو کروائی اور اس جیپ کی مرمت پر اسی نائب قاصد طارق نامی کی ڈیمانڈ/ ریکوزیشن پر 2 لاکھ روپے سے زائد مرمت پر خرچ کر دئیے۔ 

ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر ملک اسلم خود گاڑی ڈرائیو کرتے ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملک اسلم کے پاس بھی ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں موصوف سرکاری پٹرول خرچ کر کے سرکاری جیپ پر عید منانے اپنے آبائی علاقے میاں چنوں ضلع خانیوال گئے۔ سرکاری جیپ کے بغیر ڈرائیور کے ہی پٹرول کی مد میں بل بھی پاس ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے سامان کی خرید کے ٹینڈر میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن کی ہے۔ جبکہ کوٹیشن کے ذریعے خریدے گئے سامان میں بھی کرپشن کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ اس بابت موقف جاننے کے لیے ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ جب سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر سے ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی ایشو کروانے اور چلانے کے بارے میں موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس پر پروب کروانے کے بعد ہی جواب دے سکوں گا۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے دو سینیئر ہیڈ ماسٹرز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی اور کمیٹی کو حکم جاری کیا ہے کہ 2 یوم کے اندر پروب کر کے رپورٹ جمع کروائیں۔ یاد رہے موجودہ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کو تعینات ہوئے دو ہفتے ہوئے ہیں اور انکے میرٹ اور شفافیت والے دبنگ اقدامات نے کرپشن مافیا میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ عوامی ، سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ ، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور سی ای او ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ لٹریسی آفیسر بہاولنگر کو فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔