سی ای او ایجوکیشن ان ایکشن۔ گورنمنٹ عزیز ملت ہائی سکول کا ہیڈ ماسٹر نان ٹیچنگ سٹاف سمیت غیر حاضر پکڑا گیا

 سی ای او ایجوکیشن ان ایکشن۔ گورنمنٹ عزیز ملت ہائی سکول کا سرپرائز وزٹ۔ ہیڈ ماسٹر سمیت نان ٹیچنگ سٹاف غیر حاضر۔ شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ مافیاز کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی

بہاولنگر (جاوید ارشد جٹ سے) سی ای او ایجوکیشن ان ایکشن۔ گورنمنٹ عزیز ملت ہائی سکول کا سرپرائز وزٹ۔ ہیڈ ماسٹر سمیت نان ٹیچنگ سٹاف غیر حاضر۔ شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ مافیاز کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن کستورا جی شاد ضلع بہاولنگر کے تعلیمی اداروں کو مثالی بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن دفتری معاملات میں بہتری اور ڈسپلن لانے کے ساتھ ساتھ سکولز کی حالت بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ اسی سلسلے میں سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے گورنمنٹ عزیز ملت ہائی سکول بہاولنگر کا اچانک دورہ کیا۔ سکول کا گیٹ کھلا تھا مگر سکیورٹی گارڈ غائب تھا۔ ہیڈ ماسٹر سمیت تمام نان ٹیچنگ سٹاف غیر حاضر پایا گیا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق گرمی کی چھٹیوں میں ہیڈ ٹیچر اور نان ٹیچنگ سٹاف کی حاضری ضروری ہے۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر نے ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ  عزیز ملت ہائی سکول بہاولنگر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

گورنمنٹ عزیز ملت ہائی سکول بہاولنگر کے ہیڈ ماسٹر دو سے زائد پرائیویٹ سکولز کے مالک ہیں اور ماضی میں بھی وہ سکول سے غیر حاضر پکڑے جا چکے ہیں ۔ وہ اپنی ڈیوٹی کے اوقات میں اپنے پرائیویٹ سکولز میں موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری سکول کے ملازمین سے اپنے پرائیویٹ سکولز میں صفائی وغیرہ و دیگر کام کرواتے ہیں۔ موصوف اس سے پہلے گورنمنٹ قائد ملت ہائی سکول بہاولنگر کے ہیڈ ماسٹر رہ چکے ہیں اس وقت کے سی ای او ایجوکیشن نے مصدقہ اطلاعات پر قائد ملت ہائی سکول پر چھاپہ مارا تو درجہ چہارم کے ملازمین کو غیر حاضر پایا۔ سی ای او ایجوکیشن نے اسی وقت ہیڈ ماسٹر کے پرائیویٹ سکول پر چھاپہ مارا اور سرکاری سکول کے ملازمین کو رنگ و روغن کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ موصوف ہیڈ ماسٹر کو قائد ملت ہائی سکول میں کیمروں کی تنصیب میں بدعنوانی اور سرکاری ملازمین سے پرائیویٹ سکول میں کام کروانے کے الزامات پر معطل کر دیا گیا۔ بعد ازاں بااثر ہیڈ ماسٹر بحال ہو کر شہر کے دوسرے اہم سکول میں تعینات ہو گئے۔

سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کستورا جی شاد ایک میرٹ پسند اور بااصول افسر ہیں۔ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولنگر کی یہ تاریخ رہی ہے کہ کلرک اور درجہ چہارم کے ملازمین سیاسی سفارش پر سی ای او آفس میں تعیناتی کرواتے ہیں ۔ اگر کسی ملازم کا تبادلہ ہو جاتا تو وہ بھرپور زور لگا کر دوبارہ سی ای او آفس میں آنے کی کوشش کرتا ۔ مگر تاریخ میں پہلی بار یہ ہو رہا ہے کہ ملازمین سی ای او آفس سے تبادلہ کروانے کے لیے سفارشیں تلاش کرتے پھر رہے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کستورا جی شاد نے ملازمین کو ڈیوٹی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری راجہ کوکب افتخار جنجوعہ نے سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر کی میرٹ پسندی اور ایجوکیشن اتھارٹی میں موجود مافیاز کو کنٹرول کرنے کے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا ہے کہ سول سوسائٹی انکے مثبت اقدامات پر ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔