ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کے کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے جعلی بلز کا انکشاف۔ بلوں پر درج ٹرکوں کے نمبر بھی جعلی نکلے۔

 ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی کرپشن کی انوکھی داستان۔ کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے جعلی بلز کا انکشاف۔ بلوں پر درج ٹرکوں کے نمبر بھی جعلی نکلے۔

بہاولنگر (ایجوکیشن رپورٹر) ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی کرپشن کی انوکھی داستان۔ کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے جعلی بلز کا انکشاف۔ بلوں پر درج ٹرکوں کے نمبر بھی جعلی نکلے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات پر ڈی ای او ایلیمنٹری بہاولنگر کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی انکوائری کر رہی ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہارون آباد اور چشتیاں انکوائری کمیٹی کے ممبران ہیں۔ جاوید ارشد سندھو نامی شہری نے سی ای او ایجوکیشن اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کو ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف درخواست گزاری تھی۔  آج انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے درخواست گزار شہری نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کی کرپشن کے دستاویزی ثبوت انکوائری کمیٹی کو فراہم کرنے جا رہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے لاہور سے بہاولنگر تک اور بہاولنگر سے لٹریسی کے سکولز تک کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کی مد میں ڈٹ کر کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے کتابیں لانے کے لیے جو ملازم گیا تھا کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کی ریکوزیشن پر اس کے دستخط نہیں ہیں جبکہ ریکوزیشن پر اس نائب قاصد کے دستخط ہیں جو کتابیں لینے گیا ہی نہیں تھا اور نا ہی اسے علم تھا کہ اخراجات کتنے ہوئے ہیں۔

 اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے بلز پر ٹرانسپورٹ کمپنی کے ٹرک کے نمبر فرضی لکھے گئے ہیں۔

ماہ جنوری 2022 میں لاہور سے بہاولنگر کتابیں لانے کا ایک بل سیریل نمبر 2691 بتاریخ 16 جولائی 2021 ٹرک نمبر MNK-7086 ڈرائیور کا نام عبدالطیف مبلغ 31600 روپے کا پاس کروایا گیا جبکہ ماہ فروری 2022 میں اسی تاریخ یعنی

 16 جولائی 2021 کو اسی ٹرک نمبر  7086 پر ڈرائیور محمد الیاس کے نام سے بل نمبر 5650 لاہور سے بہاولنگر 19800 روپے کا پاس کروایا گیا۔

 ایک ہی دن، ایک ہی ٹرک ، دو مختلف ڈرائیور اور لاہور سے بہاولنگر کا کرایہ بھی تقریبا 12 ہزار روپے فرق کے ساتھ محکمہ خزانہ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فراڈ اور جعلی بلز کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ آن لائن وہیکل رجسٹریشن پورٹل پر اس نمبر کا کوئی ٹرک رجسٹر نہیں ہے۔