ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی جعل سازی پکڑی جانے کے باوجود افسران کاروائی کرنے سے گریزاں۔ پیپرز کی چھپائی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے ثبوت سامنے آ گئے۔

 ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی جعل سازی پکڑی جانے کے باوجود افسران کاروائی کرنے سے گریزاں۔ پیپرز کی چھپائی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے ثبوت سامنے آ گئے۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی کی جعل سازی پکڑی جانے کے باوجود افسران کاروائی کرنے سے گریزاں۔ پیپرز کی چھپائی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے ثبوت سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے کرپشن اور لوٹ مار کی انتہا کر رکھی ہے۔ کرپشن کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آنے اور مختلف انکوائریوں میں کرپشن ثابت ہو جانے کے باوجود لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے پیپرز کی چھپائی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی۔ کم تعداد میں پیپرز پرنٹ کروائے اور فیلڈ سٹاف سے زیادہ تعداد پر دستخط کروا لیے۔ "دی نیوز اردو" اور دیگر قومی اخبارات میں پیپرز کی چھپائی میں ہونے والی کرپشن کی نشاندہی کی گئی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے فیلڈ سٹاف سے جس شیٹ پر پیپرز کی وصولی کے دستخط کروائے تھے اس میں پیپرز کی اصل تعداد لکھی گئی ہے

 جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر نے اپنی کرپشن اور لوٹ مار چھپانے کے لیے 2012 سے لیکر 2022 تک کا سٹاک رجسٹر 16 فروری 2022 کو غائب کر دیا اور نیا سٹاک رجسٹر لگا کر اس پر سامان کا بوگس اندراج کر لیا۔

 اس نئے سٹاک رجسٹر پر درج کی گئی پیپرز کی تعداد اور سکولز کو دئیے گئے پیپرز میں ہزاروں پیپرز کا فرق ہے۔

اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف گھوسٹ ٹیچرز کی سیلری جاری کرنے اور ٹیچرز کی سیلری کی رقم میں غبن کرنے کے الزامات پر دو سینئر ہیڈ ماسٹرز پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے الزامات ثابت ہونے پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف رپورٹ لکھی جو 22 مئی 2022 کوڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ لاہور کو بھیج دی۔

اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری بہاولنگر کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی نے شہری کی درخواست پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کتابوں کی ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کے جعلی بلز سمیت مختلف الزامات کی انکوائری کی۔ الزامات ثابت ہونے پر اس انکوائری کی رپورٹ بھی سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو بھیج دی گئی مگر تاحال ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے میڈیا کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کی جانب سے سرکاری گاڑی کے غیر قانونی استعمال پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر سے سرکاری گاڑی واپس لے لی تھی۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر ریاض احمد مہار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کو سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی سرپرستی اور حمایت حاصل ہے جس کی وجہ سے اس کے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت ہونے کے باوجود کاروائی نہیں کی جا رہی۔ عوامی ، سیاسی وسماجی حلقوں میں کرپٹ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کاروائی نا ہونے پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔