سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ڈی ای او لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیق کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی بنا دی۔

 سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا بڑا ایکشن۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیق کے لیے تین رکنی ہائی پروفائل صوبائی سطح پر کمیٹی تشکیل دے دی۔

بہاولنگر (سیف الرحمن سے) لٹریسی ڈیپارٹمنٹ حرکت میں آ گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیق کے لیے تین رکنی ہائی پروفائل صوبائی سطح پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر ملک اسلم کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) حافظ محمد مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایف اینڈ پی) رانا سیف اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (آپریشنز) فیصل نعیم پر مشتمل تین رکنی ہائی پروفائل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ انکوائری کمیٹی شکایت کنندگان اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر کے دس یوم کے اندر سفارشات جمع کروانے کی پابند ہے۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف کرپشن، بدعنوانی، گھوسٹ ٹیچرز کو تنخواہیں جاری کرنے اور ٹیچرز کی تنخواہوں میں خرد برد کرنے کے الزامات کے تحت ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کے حکم پر بنائی گئی دو الگ الگ انکوائری کمیٹیوں نے انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہونے پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی بہاولنگر کے خلاف سیکرٹری لٹریسی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ریگولر انکوائری کے لئے لکھ کر بھیجا تھا۔