ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں یورپین ماحول۔ لیڈی ڈاکٹرز اور مرد ڈاکٹرز کو ایک ہی جگہ رہائش دے دی گئی

 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں یورپین ماحول۔ لیڈی ڈاکٹرز اور مرد ڈاکٹرز کو ایک ہی جگہ رہائش دے دی گئی۔ سرکاری بجلی اور ائیر کنڈیشنرز کا دھڑلے سے استعمال۔ سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات کا تشویش کا اظہار۔ ایم ایس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ۔

بہاولنگر (جاوید ارشد سے) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں یورپین ماحول۔ لیڈی ڈاکٹرز اور مرد ڈاکٹرز کو ایک ہی جگہ رہائش دے دی گئی۔ سرکاری بجلی اور ائیر کنڈیشنرز کا دھڑلے سے استعمال۔ سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات کا تشویش کا اظہار۔ ایم ایس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کے ایم ایس ڈاکٹر یونس نے بہاولنگر میں یورپی ماحول بنا رکھا ہے۔ ایم ایس نے بغیر الاٹمنٹ مریضوں کے لیے بنائے گئے سائیڈ رومز میں لیڈی ڈاکٹرز اور مرد ڈاکٹرز کو ایک ہی جگہ رہائش دے رکھی ہے۔ سائیڈ رومز میں رہنے والے ڈاکٹرز سرکاری بجلی اور ائیر کنڈیشنرز دھڑلے سے استعمال کر رہے ہیں جبکہ تمام ڈاکٹر مفت سرکاری بجلی اور رہائش لینے کے ساتھ ساتھ ہاؤس رینٹ اور کنوینس الاؤنس بھی وصول کر رہے ہیں۔  مؤقف جاننے کے لیے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر ڈاکٹر یونس سے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں موجودہ ایم ایس کی تعیناتی کے دوران کرپشن، بدعنوانی اور بدانتظامی پہلے سے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایک سرجن اور ایک سینئر ڈاکٹر کا بغیر نکاح کے بیویاں تبدیل کرنے کا سکینڈل بھی منظر عام پر آ چکا ہے جبکہ ہسپتال کے انہی دو ڈاکٹرز سمیت متعدد ڈاکٹرز کے منشیات بالخصوص آئس کے استعمال کی کہانیاں زبان زدِ عام ہو چکی ہیں۔ اس گھمبیر صورتحال پر عوامی سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا تی ہے۔ معروف مذہبی سکالر مفتی ظفر کا کہنا تھا کہ مرد و خواتین ڈاکٹرز کا ایک جگہ پر ٹہرنا مشرقی معاشرے میں ٹھیک نہیں سمجھا جاتا جبکہ اسلامی تعلیمات میں اس بابت واضح احکامات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین اور مرد ڈاکٹرز بغیر نکاح کے ایک ہی کمرے میں رہائش پذیر ہیں تو یہ شرعاً حرام ہے اور اگر ایک ہی جگہ پر الگ الگ کمروں میں رہائش پذیر ہیں تو یہ عمل مکروہ ہے۔

معروف تاجر و سماجی شخصیت حاجی محمد افضال نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کے ایم ایس کی جانب سے میل و فی میل ڈاکٹرز کو ایک ہی بلاک یا گیلری میں رہائش فراہم کرنے کا عمل ہمارے معاشرے کی روایات اور اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا ۔سیاسی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کو فی الفور اسکا نوٹس لینا چاہیے۔ اس بدانتظامی کے ذمہ دار ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر کو فی الفور معطل کر کے معاملے کی انکوائری کروائی جائے۔