میڈیا کی نشاندہی پر غیر قانونی مذبحہ خانہ سیل۔ مضر صحت گوشت برآمد۔ دو قصاب گرفتار۔ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
بہاولنگر (سیف الرحمن سے) میڈیا کی نشاندہی پر غیر قانونی مذبحہ خانہ سیل۔ مضر صحت گوشت برآمد۔ دو قصاب گرفتار۔ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ۔ تفصیلات کے مطابق دو ہفتے قبل سرکاری سلاٹر ہاؤس میں بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کرنے کی کوشش کو میڈیا نے ناکام بناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو اطلاع دی۔ لاغر جانور پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے۔ میڈیا کے دباؤ کی وجہ سے انتظامیہ کو بادل ناخواستہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی پڑی۔ مگر بیمار جانوروں کا گوشت بیچنے والا مافیا اتنا طاقتور ہے کہ پرائیویٹ اور غیر قانونی سلاٹر ہاؤس بنا رکھے ہیں۔ گزشتہ رات ایسا ہی ایک سلاٹر ہاؤس بہاولنگر کے پوش علاقے ماڈل ٹاؤن میں پکڑا گیا۔ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس سے مضر صحت گوشت بھی برآمد کر لیا گیا۔ میڈیا کی موجودگی کی وجہ سے انتظامیہ ملزمان کو گرفتار کرنے اور ایک اور ایف آئی آر درج کرنے پر مجبور ہوئی۔ بہاولنگر شہر میں دو ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ غیر معیاری اور مضر صحت گوشت پکڑا جانا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سلاٹر ہاؤس پر پولیس اور انتظامیہ کی کاروائی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کی فروخت میں انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹر ملوث ہیں انتظامیہ کی مدد کے بغیر شہر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس نہیں چلایا جا سکتا۔ شہریوں نے وزیراعلی پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا کہ مضر صحت گوشت بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔