ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے نوجوان لڑکی جانبحق۔ متوفیہ کے ورثاء کا احتجاج

 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں ڈاکٹرز کی غفلت سے نوجوان لڑکی جانبحق۔ ورثاء نے ڈیڈ باڈی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ متوفیہ کے ورثاء کا سڑک بند کر کے احتجاج ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو کنٹرول کیا۔

بہاولنگر (ہیلتھ رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں ڈاکٹرز کی غفلت سے نوجوان لڑکی جانبحق۔ ورثاء نے ڈیڈ باڈی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ متوفیہ کے ورثاء کا سڑک بند کر کے احتجاج ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو کنٹرول کیا۔  تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولنگر میں سہولیات کا فقدان تو تھا ہی مگر اب  ڈاکٹرز کی غفلت اور لاپرواہی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بننے لگی ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج 15 سالہ لڑکی ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے جانبحق ہو گئی۔ متوفیہ کے ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے ایمرجنسی کو جانے والی سڑک بند کر دی۔ 

احتجاجی مظاہرین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت ادویات کا بجٹ ہسپتال انتظامیہ کھا رہی ہے جبکہ مریضوں کو سرنج تک باہر سے خریدنی پڑتی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کے نامناسب رویے اور بداخلاقی کی بھی شکایت کی۔

 پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو کنٹرول کیا اور مذاکرات کے ذریعے سڑک کھلوائی۔ پولیس کی موجودگی میں ہسپتال انتظامیہ نے متوفیہ کے ورثاء سے مذاکرات کیے اور غفلت اور لاپرواہی کے ذمہ داران کے تعین کے لئے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے وعدے پر ورثاء متوفیہ کی ڈیڈ باڈی وصول کرنے پر راضی ہوئے۔