بھوکے ریچھ کا نوجوان پر حملہ۔ نوجوان ہسپتال منتقل

 بھوکے ریچھ کا نوجوان پر حملہ۔ چڑیا گھر انتظامیہ کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے جانور بھوک سے نڈھال۔ نوجوان ہسپتال منتقل۔

بہاولنگر (بیورو رپورٹ) بھوکے ریچھ کا نوجوان پر حملہ۔ چڑیا گھر انتظامیہ کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے جانور بھوک سے نڈھال۔ نوجوان ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر ضلع کے اکلوتے چڑیا گھر کی انتظامیہ کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے جانوروں کو خوراک نہیں مل رہی جس کے نتیجے میں جانور بھوک سے نڈھال رہتے ہیں۔ گزشتہ روز جیسے ہی چڑیا گھر کا ملازم ریچھ کو خوراک ڈالنے کے لیے گیا بھوکے ریچھ نے ملازم پر حملہ کر دیا۔ زخمی ملازم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بہاولنگر کا اکلوتا چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ ایک طرف جانوروں کی خوراک کا لاکھوں روپے ماہانہ کا بجٹ افسران کے پیٹ بھر رہا ہے تو دوسری طرف چڑیا گھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ درجنوں ملازم ہونے کے باوجود گھاس کی کٹائی تک نہیں کی جاتی۔ عوام کے لیے بنائے گئے واش رومز ناقابل استعمال ہیں۔ چڑیا گھر کی سیر کے لیے آنے والے شہری چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کے پاس پیشاب و پاخانہ کرنے پر مجبور ہیں۔ چڑیا گھر میں شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی کا بھی کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب ، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے چڑیا گھر کے معاملات پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔