اصلی پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک دوسرا زندہ گرفتار ، کانسٹیبل زخمی

 دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات۔ پولیس کے بروقت پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ، پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا ۔

منچن آباد (بیورو رپورٹ ) دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات۔ پولیس کے بروقت پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ، پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق منڈی صادق گنج تھانہ کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں 1 ڈاکو ہلاک اور ایک گرفتار ، ڈاکو منڈی صادق گنج شہر میں شہری سے نقدی چھین کر فرار ہوئے تو شہری نے 15 پر کال کر دی مقامی پولیس اطلاع موصول ہوتے ہی موقع پر پہنچی اور ڈاکووں کا تعاقب شروع کر دیا پولیس کو تعاقب کرتا دیکھ کر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی پولیس نے ڈاکوؤں کو پکڑنے اور حفاظت خود اختیاری اختیار کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی  جس کے نتیجے میں پنجاب پولیس کا ایک جوان محمد شریف چھینہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔جس کو فوراً ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر ریفر کر دیا گیا ہے اور جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جس کو منڈی صادق گنج ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا اور ایک ڈاکو کو زندہ گرفتار کر لیا گیا، زرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکوؤں کا تعلق تحصیل دیپالپور کے گاؤں نکی مانیکا سے جو ضلع اوکاڑہ کی پولیس کو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، زنا اور چوری  کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ اہل علاقہ کی جانب سے ڈی ایس پی منچن آباد شہنشاہ چانڈیو ، ایس ایچ او تھانہ منڈی صادق گنج فریاد جوئیہ،  ایس ایچ او تھانہ میکلوڈگنج  فضل شاہ اور پنجاب پولیس زندہ باد کی نعرے بازی کی گئی ۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ منڈی صادق کو ہار پہنائے گئے