سواریوں سے بھرا رکشہ نہر میں گرگیا۔ 4 افراد جاں بحق، 5 افراد بچا لیے گئے
بہاولنگر (سیف الرحمن سے) سواریوں سے بھرا رکشہ نہر میں گرگیا۔ 4 افراد جاں بحق، 5 افراد بچا لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقہ 149 سکس آر کے قریب سواریوں سے بھرا چنگچی رکشہ ہاکڑہ کینال میں گرگیا۔ رکشہ میں سوار 9 افراد میں سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 5 افراد زندہ بچالیے گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 معصوم بچیاں بھی شامل تھیں۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے 45 سالہ ارشاد بی بی، 50 سالہ شمیم بی بی، اور 3 سالہ یاسمین کی لاشیں نہر سے نکال لی گئیں۔ البتہ 14 ماہ کی آسیہ کی ڈیڈ باڈی کی تلاش جاری ہے۔ اہل علاقہ بھی ریسکیو آپریشن میں معاونت کر رہے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والوں کا تعلق 181 سیون آر سے بتایا جاتا ہے اور تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ حادثے کا شکار افراد قریبی گاؤں جا رہے تھے ۔ افسوس ناک حادثہ کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر موجود ہے ۔