مردم شماری سپروائزرز کے ٹرانسپورٹ فراہمی کے جعلی سرٹیفکیٹس کی ویری فیکیشن، شمارکنندگان کا شفاف انکوائری کا مطالبہ۔

 مردم شماری کے دوران ٹرانسپورٹ کی مد میں کروڑوں کی لوٹ مار۔ انتظامیہ معاملے کو دبانے کے لیے متحرک، سپروائزرز کے ٹرانسپورٹ فراہمی کے جعلی سرٹیفکیٹس کی ویری فیکیشن کی آڑ میں ٹرانسپورٹ فنڈز جاری کرنے کی تیاریاں، شمارکنندگان نے ڈپٹی کمشنر کو انکوائری کے لئے درخواست دے دی۔

بہاولنگر ( سیف الرحمن سے) مردم شماری کے دوران ٹرانسپورٹ کی مد میں کروڑوں کی لوٹ مار۔ انتظامیہ معاملے کو دبانے کے لیے متحرک، سپروائزرز کے ٹرانسپورٹ فراہمی کے جعلی سرٹیفکیٹس کی ویری فیکیشن کی آڑ میں ٹرانسپورٹ فنڈز جاری کرنے کی تیاریاں، شمارکنندگان نے ڈپٹی کمشنر کو انکوائری کے لئے درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر میں مردم شماری کے دوران سٹاف کو ٹرانسپورٹ فراہمی کی مد میں روزانہ 6000 روپے فی سپروائزرز ٹھیکہ دیا گیا۔ محکمہ شماریات کے اہلکاروں نے ٹھیکدار کے ساتھ مل کر سپروائزرز کو گاڑیاں فراہم کرنے کی بجائے چند سپروائزرز کو 1500 روپے روزانہ کے حساب سے پیسے دینے شروع کر دئیے۔ میڈیا کی نشاندہی پر سابق ڈپٹی کمشنر نے مردم شماری سپروائزرز سے ٹرانسپورٹ فراہمی کا سرٹیفکیٹ وصول کرنے کا حکم دیا۔ جس پر محکمہ شماریات کے اہلکاروں اور ٹھیکدار نے سپروائزرز سے ٹرانسپورٹ فراہمی کے سرٹیفکیٹ لینے شروع کر دئیے حالانکہ کسی بھی سپروائزر کو ٹرانسپورٹ نہیں دی گئی تھی۔ مگر پیسے کے لالچ میں سپروائزرز نے جعلی سرٹیفکیٹس دئیے۔ سپروائزرز کو موبی کیش کے ذریعے پیسے دینے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ افسران کو اس بات کا علم ہے کہ مردم شماری سٹاف کو ٹرانسپورٹ فراہم نہیں کی گئی مگر اس کے باوجود افسران کو ٹرانسپورٹ کا بل پاس کرنے کی جلدی ہے۔ اس مقصد کے لیے اتوار کو چھٹی کی پرواہ کیے بغیر ضلع بہاولنگر کی پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے سپروائزرز کو ٹرانسپورٹ فراہمی کے سرٹیفکیٹس کی ویری فیکیشن کے لیے طلب کر رکھا تھا۔ سپروائزرز کی جانب سے ویری فیکیشن کی اطلاعات پر مردم شماری کےفیلڈ سٹاف یعنی شمارکنندگان نے سپروائزرز اور ٹھیکے دار کی ملی بھگت کے خلاف ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کو درخواست گزار دی ہے۔ درخواست گزار شمارکنندگان کا کہنا ہے کہ انکے بلاک میں ایک دن بھی گاڑی نہیں آئی اور سپروائزرز نے ٹرانسپورٹ فراہمی کے فرضی اور جعلی سرٹیفکیٹس پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ٹرانسپورٹ الاؤنس میں سے انکا حصہ دیا جائے اور کرپشن کے ذمہ دار سپروائزرز اور ٹرانسپورٹ ٹھیکدار کے خلاف شفاف انکوائری اور سخت قانونی کاروائی کی جائے۔