نگہبان رمضان پیکج کے ٹھیکیدار کا "رمضان چنگا لگ گیا"

 نگہبان رمضان پیکج کے ٹھیکیدار کا "رمضان چنگا لگ گیا"

نگہبان رمضان پیکج کے ٹھیکیدار کا "رمضان چنگا لگ گیا"

تحریر

سیف الرحمن کلوکا

چیئرمین مجلس عاملہ ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ بہاولنگر


حکومت پنجاب کے "رمضان نگہبان پیکج" کے تحت راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

 راشن فراہم کرنے کا ٹھیکہ ایک نیک نام مذہبی ، کاروباری شخصیت کو دیا گیا ہے۔ یہ نیک نام مذہبی سیاسی و کاروباری شخصیت اپنے علاقے میں سخاوت کے لیے مشہور ہے۔۔۔ غریبوں کی مدد کرنا، مساجد و مدارس کی معاونت انکی بہت بڑی خوبی ہے ۔۔۔۔ نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحقین کو دیگر اشیاء خوردونوش کے ساتھ آٹا اور بیسن بھی دیا جا رہا ہے۔


اس نیک نام مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کی جانب سے مستحقین کو آٹا غیر معیاری (بعض لوگوں کے بقول چوکر) اور بیسن کی بجائے مکئی کا آٹا دیا جا رہا ہے۔۔۔۔


کچھ لوگ غریبوں کی اس عظیم ہمدرد و غمگسار ، نیک نام مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کے بارے میں بدگمانی کا اظہار کر رہے ہیں کہ بیسن کی جگہ پر مکئی کا آٹا دیا گیا۔۔۔


ان لوگوں کو شاید علم نہیں کہ پکوڑے بنانے کے لیے بیسن کے علاوہ وافر مقدار میں گھی یا کوکنگ آئل ، آلو ، پیاز و دیگر لوازمات درکار ہوتے ہیں ۔۔۔ مستحقین کو پکوڑوں والی فضول خرچی سے بچانے کے لیے مکئی کا آٹا دیا گیا تاکہ وہ سحری کے وقت مکئی کے آٹے سے روٹیاں بنائیں اور انجوائے کریں ۔۔۔ مکئی کی روٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کریں اور عظیم مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کے لیے دعائیں کریں۔۔۔۔


مکئی کا آٹا بھی اچھا خاصا مہنگا ہے ۔۔۔ یہ تو اس عظیم مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کی مہربانی ہے ورنہ وہ بیسن کی جگہ چھان بورا شاپر میں ڈال دیتے تو کونسا غریبوں نے شکایت کرنی تھی۔۔۔۔


۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک نا شکرے مستحق نے بیسن کی جگہ پر مکئی کا آٹا نکلنے پر وہ آٹا بیچ دیا۔۔۔(مستحق کی حفاظت کی خاطر اسکی ویڈیو پوسٹ نہیں کر رہا۔ کیونکہ چند روز قبل فورٹ عباس کے ایک شخص نے نگہبان رمضان پیکج کی شان میں گستاخی کی تھی تو اسکی جو حالت کر دی گئی تھی وہ ویڈیو اس تحریر کے ساتھ پوسٹ کررہا ہوں) 

اگر مکئی کے آٹے کی جگہ چھان بورا ہوتا تو وہ اس نعمتوں کے ناشکرے مستحق کے کسی کام نا اتا۔۔۔ ویسے چھان بورا بھی جانوروں کے چارے کے ساتھ ملا کر جانوروں کو کھلایا جا سکتا ہے۔۔ ( یہ بات اس عظیم مذہبی سیاسی و سماجی نیک نام شخصیت کے لیے ہے کہ آپ کو غریبوں سے محبت ہے اسکا آپ نے ثبوت دے دیا ہے۔ لیکن اگر آپ رمضان المبارک کے باقی دنوں میں مزید نیکیاں کمانا چاہئیں تو چھان بورا پیکج میں شامل کر کے غریب مسکین جانوروں کی بھی دعائیں لے سکتے ہیں)


اس نیک دل، نیک نام مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کو ٹھیکہ دینے والے ضلعی انتظامیہ کے افسران مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ رمضان المبارک میں غریب روزہ داروں کی دعائیں سمیٹنے میں اپنے ٹھیکہ دار کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

اسی لیے اس عظیم مذہبی سیاسی و سماجی شخصیت کے چنے کی دال کی بجائے مکئی کے ٹرک رپورٹ ہونے کے باوجود اس نیکی کے عمل پر پردہ ڈالنے میں بھرپور معاونت بھی فرما رہے ہیں۔۔۔ کیونکہ ضلعی انتظامیہ بھی اس عظیم مذہبی سیاسی و سماجی ، کاروباری شخصیت کی طرح "خفیہ" طور پر نیکی کمانے کے شوقین ہیں۔ آپ سب جانتے ہیں کہ عام دن کی نیکی اور رمضان المبارک کے دوران کمائی گئی نیکیوں کی تعداد میں بہت فرق ہے۔۔۔ اپنی زندگی کا آخری رمضان اور اپنی زندگی کا آخری ٹھیکہ سمجھ کر رمضان المبارک کی نیکیوں کی طرح پیسے کمانے ٹھیکہ دار کو دعائیں بھی اسی حساب سے مل رہی ہیں۔۔۔ 


مساجد و مدارس کے سفراء کے لیے خوشخبری ہے کہ اس بار نیک نام مذہبی و سیاسی شخصیت انکی بھرپور معاونت کر سکیں گے۔۔۔ کیونکہ انکا "رمضان چنگا لگ" گیا ہے۔

آٹے اور گھی کے معیار کے بارے میں عظیم مذہبی سیاسی و سماجی نیک نام شخصیت کی انسانی ہمدردی اور سخاوت اور ضلعی انتظامیہ کی "مہارت" کی تفصیل کے لئے دی نیوز اردو ڈاٹ کام وزٹ کرتے رہیں۔