معروف زمیندار کے گھر ڈکیتی کی بڑی واردات، عوام نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے تین ڈاکو اسلحہ سمیت پکڑ لیے
بہاولنگر (بیورو رپورٹ) معروف زمیندار کے گھر ڈکیتی کی بڑی واردات، عوام نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے تین ڈاکو اسلحہ سمیت پکڑ لیے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا کے بھتیجے ، ایم پی اے میاں انعام باری لالیکا کے کزن معروف زمیندار میاں عمر زمان لالیکا کے مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا اور اہلخانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی اور زیورات لوٹ لئے۔ ڈاکو ایک گھنٹہ سے زائد لوٹ مار کرتے رہے۔ اہل علاقہ کے جمع ہونے پر ڈاکو بھاگ نکلے مگر مقامی لوگوں نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس اور اہل علاقہ نے تین ڈاکو اسلحہ سمیت پکڑ لیے۔ جبکہ پکڑے گئے ڈاکوؤں کے ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔